کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا مختلف امتحانی مراکز کا دورہ، جعلی امیدوار رنگے ہاتھوں گرفتار

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان 2025 کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ دوران معائنہ ایک امتحانی مرکز میں جعلی امیدوار رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان تعلیمی بورڈ کے مطابق گورنمنٹ تعلیم القرآن ہائی سکول ٹیکسلا میں ایک امیدوار کی جگہ دوسرا شخص پیپر دیتے ہوئے پکڑا گیا۔ اصل امیدوار محمد دانیال …

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان 2025 کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ دوران معائنہ ایک امتحانی مرکز میں جعلی امیدوار رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان تعلیمی بورڈ کے مطابق گورنمنٹ تعلیم القرآن ہائی سکول ٹیکسلا میں ایک امیدوار کی جگہ دوسرا شخص پیپر دیتے ہوئے پکڑا گیا۔

اصل امیدوار محمد دانیال ولد لیاقت علی رول نمبر 809668 کے بجائے سیف الرحمن ولد اختر زمان سکنہ عثمان کھٹر، ٹیکسلا امتحان دینے پہنچا اور اصل امیدوار کی نشست پر بیٹھ گیا۔ امتحان شروع ہونے سے قبل سپرنٹنڈنٹ امتحانی مرکز نے رول نمبر سلپ پر موجود تصویر سے عدم مطابقت محسوس کی جس پر مشتبہ امیدوار سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ جعلی ثابت ہوا۔

فوری کارروائی کرتے ہوئے جعلی امیدوار اور اصل امیدوار دونوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ کی درخواست پر ایف آئی آر کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانے کو رپورٹ ارسال کر دی گئی۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے کہا کہ امتحانی عمل میں نقالی یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے، امتحانی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔