اردن میں زیتون کی پیداوار میں شدید کمی ، قیمتوں میں اضافہ

عمان ۔5نومبر (اے پی پی):اردن میں زیتون کی پیداوار میں رواں سال شدید کمی کی وجہ سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یہ صورتحال صارفین کے لئے زیتون کے تیل کی فراہمی میں بحران کی نشاندہی اور سخت موسمی تبدیلیوں کے سے غذائی تحفظ کے چیلنجز کو ایک بار پھر اجاگر کر رہی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق اردن کی وزارت زراعت نے بحران سے نمٹنے کے …

عمان ۔5نومبر (اے پی پی):اردن میں زیتون کی پیداوار میں رواں سال شدید کمی کی وجہ سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یہ صورتحال صارفین کے لئے زیتون کے تیل کی فراہمی میں بحران کی نشاندہی اور سخت موسمی تبدیلیوں کے سے غذائی تحفظ کے چیلنجز کو ایک بار پھر اجاگر کر رہی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق اردن کی وزارت زراعت نے بحران سے نمٹنے کے لئے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے لئے سبز زیتون کی برآمدات مکمل طور پر روک دی جائیں گی اور اسے فلسطینی علاقوں کو برآمد کرنے پر بھی پابندی ہوگی حالانکہ ہر سال تقریباً 4 ہزار ٹن کے تجارتی معاہدے موجود ہوتے ہیں، ان فیصلوں کا مقصد مقامی منڈی کو ترجیح دینا اور تمام مقدار زیتون کے تیل کی تیاری کے لئے استعمال کرنا ہے تاکہ شہریوں کو مناسب قیمت اور اعلیٰ معیار کا تیل فراہم کیا جا سکے۔

وزارت نے اشارہ دیا ہے کہ اگر قلت برقرار رہی تو محدود مقدار میں زیتون کے تیل کی درآمد کی اجازت دی جا سکتی ہے تاہم یہ شرط ہو گی کہ درآمد شدہ تیل اردنی معیار کے مطابق ہو، اس سلسلے میں تیونس کو ایک ممکنہ ذریعہ قرار دیا گیا ہے کیونکہ وہاں زیتون کا تیل وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ وزارت نے زیتون کے تیل کے کارخانوں اور پیداوار کنندگان کی ایسوسی ایشن کے تعاون سے ایک قومی مہم شروع کی جس کا عنوان ’’ زیتون کے تیل کی جانچ کریں اور یقین کریں کہ یہ اصلی ہے‘‘ تھا۔

اس مہم کا مقصد عوام کو دھوکے سے بچانا تھا بالخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جہاں ناقص اور مضرِ صحت تیل کی فروخت کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیتون کا تیل صرف مستند اور لائسنس یافتہ کارخانوں سے خریدیں، نامعلوم ذرائع کے اشتہارات سے پرہیز کریں، معیار پر شک ہونے کی صورت میں لیبارٹری ٹیسٹ کروائیں، کسانوں کی حمایت کریں اور موسمی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے میں کردار ادا کریں۔