وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا اسلام آبادمری ایکسپریس وے کا دورہ ،

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جاری ترقیاتی کاموں اور منصوبے کی تکمیل کے حتمی مراحل کا جائزہ لینے کےلئے اسلام آبادمری ایکسپریس وے کا دورہ کیا ۔وزارت مواصلات سے جاری بیان کے مطابق وزیرِمواصلات نے منصوبے کی مجموعی پیش رفت اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی ٹیم کو سراہا جس نے اسلام آبادمری ایکسپریس وے …

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جاری ترقیاتی کاموں اور منصوبے کی تکمیل کے حتمی مراحل کا جائزہ لینے کےلئے اسلام آبادمری ایکسپریس وے کا دورہ کیا ۔وزارت مواصلات سے جاری بیان کے مطابق وزیرِمواصلات نے منصوبے کی مجموعی پیش رفت اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی ٹیم کو سراہا جس نے اسلام آبادمری ایکسپریس وے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید شاہراہ میں تبدیل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شاہراہ ہر سال لاکھوں سیاحوں کو ملک کے مشہور تفریحی مقام مری تک لے جاتی ہےاسے مزید محفوظ اور آرام دہ سفر کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پوری ایکسپریس وے پر جدید طرز کا لائٹنگ سسٹم نصب کر دیا گیا ہےجس سے رات کے وقت سفر مزید محفوظ اور آسان ہو گیا ہے،حفاظتی انتظامات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ موٹروے پولیس کی تعیناتی سے ٹریفک کے بہاؤ اور مسافروں کی رہنمائی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

وزیرِمواصلات نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے جدید اور مکمل سہولیات سے مزین ریسٹ ایریاز بھی قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ تکمیل کے قریب ہے اور اس کا باضابطہ افتتاح وزیرِاعظم محمد شہباز شریف جلد کریں گے۔ عبدالعلیم خان نےکہا کہ یہ منصوبہ ملک میں عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی فراہمی ، سیاحت کے فروغ اور عوام کو بہتر سفری سہولیات مہیا کرنے کے حکومتی عزم کا عکاس ہے جس پرترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔