دبئی کو دنیا کے خوبصورت، رہنے کے قابل اور صحت افزا شہروں میں شامل کرنے کے منصوبوں کی منظوری

دبئی۔5نومبر (اے پی پی):دبئی کو دنیا کے سب سے خوبصورت، رہنے کے قابل اور صحت افزا شہروں میں شامل کرنے کے لیے متعدد نئی پالیسیوں اور منصوبوں کی منظوری دے دی گئی امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ منظوری دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نےیو اے ای سالانہ حکومتی اجلاس 2025 کے دوران …

دبئی۔5نومبر (اے پی پی):دبئی کو دنیا کے سب سے خوبصورت، رہنے کے قابل اور صحت افزا شہروں میں شامل کرنے کے لیے متعدد نئی پالیسیوں اور منصوبوں کی منظوری دے دی گئی امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ منظوری دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نےیو اے ای سالانہ حکومتی اجلاس 2025 کے دوران ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں دی ۔منظور شدہ منصوبوں میں پبلک پارکس اینڈ گرینری اسٹریٹیجی، ایوی ایشن ٹیلنٹ 33، افورڈیبل اسکولز پالیسی، اسپورٹس سیکٹر اسٹریٹیجک پلان 2033، فنانشل ری سٹرکچرنگ اینڈ انسالوینسی کورٹ، اور ابتدائی طبی تشخیص کی خدمات کا توسیعی منصوبہ شامل ہیں۔

اس موقع پر شیخ حمدان بن محمد نے کہا کہ دبئی، شیخ محمد بن راشد کے وژن کے تحت، شہری ترقی اور قدرتی ماحول کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے ایک ایسا مربوط شہر بنا رہا ہے جو مستقبل کی نسلوں کو بااختیار بنائے۔انہوں نے کہا کہ دبئی کا ہدف دنیا کا سب سے ترقی یافتہ، پائیدار اور پرکشش شہر بننا ہے جو شہری زندگی کا عالمی معیار مقرر کرے، دبئی دنیا کے سب سے بڑے ہوابازی مراکز میں شامل ہے اور عالمی سطح پر اپنی مسابقت برقرار رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی دبئی کی ترجیحات میں سرِفہرست ہے، اور مقصد یہ ہے کہ شہر کو دنیا کے دس بہترین تعلیمی شہروں میں شامل کیا جائے۔کھیلوں کے حوالے سے، شیخ حمدان نے کہا کہ یہ شعبہ اب ایک اہم اقتصادی صنعت بن چکا ہے جو نوجوانوں کو عالمی سطح پر یو اے ای کی نمائندگی کی ترغیب دیتا ہے۔

دبئی سپورٹس کونسل کے تیار کردہ اسپورٹس سیکٹر سٹریٹیجک پلان 2033 میں 19 پروگرامز اور 75 اقدامات شامل ہیں جو 17 اہم کھیلوں پر مرکوز ہیں۔ اجلاس کے دوران ایگزیکٹو کونسل نے فنانشل ری اسٹرکچرنگ اینڈ انسالوینسی کورٹ کے قیام کی منظوری بھی دی، جو کاروباری بحران اور مالیاتی تنظیم نو کے کیسز کو تیز رفتاری سے نمٹانے میں مدد دے گا۔ اس اقدام سے دبئی کی پوزیشن دنیا کے تین بڑے مالیاتی مراکز میں مزید مضبوط ہوگی۔اسی طرح، کونسل نے ابتدائی طبی تشخیص کی خدمات کے توسیعی منصوبے کی منظوری دی، جس کا مقصد کولون کینسر کی اسکریننگ میں 40 فیصد اضافہ، ویکسینیشن خدمات میں 50 فیصد توسیع، 90 فیصد سے زائد مریضوں کی اطمینان کی شرح اور سات دن سے کم انتظار کا وقت یقینی بنانا ہے۔

پبلک پارکس اینڈ گرینری اسٹریٹیجی کے تحت 18.3 ارب درہم کی لاگت سے 800 سے زائد منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن میں 310 نئے پارکس، 322 اپ گریڈ، 120 اوپن سپیسز اور 14 ٹیکنالوجی پراجیکٹس شامل ہیں۔منصوبے کا مقصد درختوں کی تعداد تین گنا بڑھانا، 187 مربع کلومیٹر سبز رقبہ تخلیق کرنا اور 100 فیصد ری سائیکل شدہ پانی سے آبپاشی کو یقینی بنانا ہے۔

ہدف یہ ہے کہ 80 فیصد شہری پانچ منٹ کے فاصلے پر کسی نہ کسی پارک تک رسائی حاصل کر سکیں۔ایوی ایشن ٹیلنٹ 33 منصوبہ دبئی کو عالمی ہوابازی کے شعبے میں قیادت برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔ اس کے تحت 15 ہزار ملازمتیں، 4 ہزار تربیتی پروگرامز، 30 اسٹریٹیجک شراکتیں اور ایمیریٹائزیشن کے اہداف شامل ہیں۔یہ منصوبہ دبئی کی معیشت کو دوگنا کرنے، 650 ارب درہم کی سرمایہ کاری متوجہ کرنے اور 65 ہزار اماراتی شہریوں کو نجی شعبے میں شامل کرنے کے وژن کی حمایت کرتا ہے۔

افورڈیبل اسکولز پالیسی کے تحت 2033 تک 60 نئے اسکول قائم کیے جائیں گے، جس سے 1 لاکھ 20 ہزار نشستوں کا اضافہ ہوگا۔حکومت کی جانب سے فیسوں میں رعایت اور زمین لیز پر کم لاگت جیسے مراعاتی اقدامات سے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا تاکہ معیاری مگر کم لاگت تعلیم عام ہو سکے۔اجلاس میں دبئی کے دوسرے نائب حکمران عزت مآب شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم سمیت اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔