ابوظہبی۔5نومبر (اے پی پی):مائیکروسافٹ اور جی42 نے یو اے ای میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اپنی اسٹریٹجک شراکت کو مزید مضبوط کر لیا ہے،یہ شراکت مائیکروسافٹ کی 15.2 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے اعلان کا حصہ ہے جس کے تحت 200 میگاواٹ ڈیٹا سینٹر توسیع، خطے میں جدید کلاؤڈ اور اے آئی انفراسٹرکچر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وام کے مطابق دونوں …
مائیکروسافٹ اور جی42 کا 200 میگاواٹ ڈیٹا سینٹر توسیعی منصوبہ، یو اے ای میں 15.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حصہ

مزید خبریں
ابوظہبی۔5نومبر (اے پی پی):مائیکروسافٹ اور جی42 نے یو اے ای میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اپنی اسٹریٹجک شراکت کو مزید مضبوط کر لیا ہے،یہ شراکت مائیکروسافٹ کی 15.2 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے اعلان کا حصہ ہے جس کے تحت 200 میگاواٹ ڈیٹا سینٹر توسیع، خطے میں جدید کلاؤڈ اور اے آئی انفراسٹرکچر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وام کے مطابق دونوں کمپنیوں نے 200 میگاواٹ ڈیٹا سینٹر توسیعی منصوبے کا اعلان کیا ہے جو جی 42 کی ذیلی کمپنی خزنا ڈیٹا سینٹرز کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، یہ منصوبہ 2026 کے اختتام سے قبل مرحلہ وار آن لائن آنا شروع ہو جائے گا۔یہ سنگ میل اعتماد، ٹیکنالوجی اور صلاحیت پر مبنی یو اے ای کے ڈیجیٹل مستقبل کو مضبوط بنانے کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔
مائیکرو سافٹ اور جی42 کی شراکت اعتماد، ڈیٹا کے تحفظ، سائبر سکیورٹی اور اخلاقی مصنوعی ذہانت کے اعلیٰ معیار پر استوار ہے۔دونوں اداروں نے محمد بن زاید یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ساتھ مل کر ’’ریسپانسبل اے آئی فیوچر فاؤنڈیشن‘‘ قائم کی ہے جو ذمہ دارانہ اے آئی تحقیق و نظم و نسق کا عالمی نمونہ سمجھی جاتی ہے۔یہ توسیعی منصوبہ مائیکروسافٹ ایژور (Azure) کی محفوظ، قابل توسیع اور خودمختار کلاؤڈ سروسز کو مزید وسعت دے گا۔
یہ شراکت یو اے ای کی نیشنل ڈیجیٹل اکانومی اسٹریٹیجی کی معاون ہے، جس کا ہدف آئندہ دس برسوں میں ڈیجیٹل معیشت کے جی ڈی پی میں حصے کو دوگنا کرنا ہے۔منصوبے کے تحت جدید اے آئی اور GPU ٹیکنالوجی کے ذریعے پبلک سیکٹر، مالیاتی اداروں اور کاروباری شعبے کو جدت، لچک اور تیز رفتاری کے ساتھ کام کرنے میں مدد ملے گی۔مائیکروسافٹ کے عزم کے مطابق کمپنی 2027 تک یو اے ای میں دس لاکھ افراد کو ڈیجیٹل مہارتوں میں تربیت فراہم کرے گی۔یہ توسیع مقامی ہنر مند افرادی قوت کے لیے اے آئی، کلاؤڈ اور ڈیجیٹل سروسز میں نئے مواقع پیدا کرے گی۔
ابوظہبی میں پہلے سے قائم گلوبل انجینئرنگ ڈویلپمنٹ سینٹر اور اے آئی فار گُڈ لیب اسی شراکت کے ثمرات ہیں جو حکومت اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ڈیجیٹل تعلیم اور نئی نسل کے ٹیکنالوجی لیڈرز کی تیاری میں معاون ہیں۔ مائیکروسافٹ کے وائس چیئرمین اور صدر بریڈ اسمتھ نے کہاکہ یہ منصوبہ صرف ڈیٹا سینٹرز تک محدود نہیں بلکہ یو اے ای کے مستقبل کو طاقت دینے کے بارے میں ہے۔مائیکروسافٹ کی عالمی مہارت اور جی42 کی مقامی قیادت کے امتزاج سے ہم ایک ایسا تکنیکی ڈھانچہ تعمیر کر رہے ہیں جو ملک بھر میں نئی مواقع پیدا کرے گا۔
گروپ سی ای او جی42 پینگ شیاؤ نے کہاکہ مائیکروسافٹ کے ساتھ ہماری شراکت ہماری انٹیلیجنس گرِڈ کے وژن کو آگے بڑھاتی ہے، ایسا مربوط نظام جو اے آئی کے دور میں انسانوں، صنعتوں اور اقوام کو بااختیار بنائے۔ ہم ایسی ٹیکنالوجی پر یقین رکھتے ہیں جو محفوظ، خودمختار اور عالمی تعاون کے لیے کھلی ہو اور جس کا مرکز انسان ہو۔یہ توسیعی منصوبہ مائیکروسافٹ اور جی42 کے مابین جاری تعاون کی ایک اور مثال ہے جس میں ریسپانسبل اے آئی فاؤنڈیشن کا قیام اور ابوظہبی میں اے آئی ریسرچ سینٹرز کا آغاز شامل ہیں۔دونوں کمپنیاں مل کر ایک ایسا ڈیجیٹل فریم ورک تشکیل دے رہی ہیں جو اعتماد، جدید ٹیکنالوجی اور جامع ترقی پر مبنی مستقبل کے مضبوط ڈیجیٹل یو اے ای کی بنیاد رکھتا ہے۔








