اسلام آباد،نمل کے صنعت و تعلیمی روابط کے فروغ کے لئے انڈسٹریز کے ساتھ تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)نے صنعت و تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے، طلبہ کی روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے اور اختراع و کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے سس ریفارمز انٹرنیشنل، شعور اور ایزی ٹیک انسٹیٹیوٹ کے ساتھ تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان نے کئے جبکہ بریگیڈیئر (ر)ظفر جمیل، چیف …

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)نے صنعت و تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے، طلبہ کی روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے اور اختراع و کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے سس ریفارمز انٹرنیشنل، شعور اور ایزی ٹیک انسٹیٹیوٹ کے ساتھ تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔

مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان نے کئے جبکہ بریگیڈیئر (ر)ظفر جمیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر سس ریفارمز انٹرنیشنل جواد جنجوعہ، بانی و سی ای او شعور اور سی ای او و بانی ایزی ٹیک انسٹیٹیوٹ ابراہیم شاہ نے اپنے اداروں کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی ہلال امتیاز نے کہا کہ ایسے اشتراک طلبہ کو جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں اور تجربہ فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں تاکہ وہ پاکستان کی علم پر مبنی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نمل صنعت کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ اس کے فارغ التحصیل طلبہ پیشہ وارانہ طور پر زیادہ مضبوط اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہوں۔ان کا کہنا تھاکہ سس ریفارمز انٹرنیشنل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا مقصد آئی ٹی بوٹ کیمپس کا مشترکہ انعقاد اور مارکیٹ پر مبنی تربیتی پروگرامز کو تجارتی سطح پر فروغ دینا ہے تاکہ طلبہ کے روزگار کے مواقع بڑھ سکیں اور پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ تعاون کے اہم شعبوں میں تربیت کی فراہمی، سرٹیفکیشن پروگرامز، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی شراکت اور تحقیق و اختراع شامل ہیں۔ غیر سرکاری تنظیم شعور جو کہ القوی سٹیل انڈسٹریز، ڈی سپورٹس ہب (پرائیویٹ) لمیٹڈ، اور سُپیریئر پلاسٹکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ اسلام آباد کا منصوبہ ہے، کے ساتھ مفاہمت کے تحت فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ شعور نمل کے طلبہ اور سابق طلبہ کو صنعت و کارپوریٹ سیکٹر میں انٹرن شپ، ملازمت اور تربیتی مواقع فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ شعور استعداد کار میں اضافے کے پروگرامز بھی فراہم کرے گا جبکہ نمل شعور کے ساتھ مل کر طلبہ میں کاروباری سوچ اور کلچر کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گی۔

ایزی ٹیک انسٹیٹیوٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا مقصد طلبہ اور سابق طلبہ کو انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع کے ذریعے عملی میدان سے متعارف کرانا ہے۔نمل ایزی ٹیک کے ساتھ مل کر ان طلبہ کی نشاندہی کرے گی جو ان مواقع کے لئے موزوں ہوں ،اس کے ساتھ ساتھ اختراع و کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ اقدامات بھی کرے گی، یہ شراکتیں نمل کے اس عزم کا مظہر ہیں کہ وہ صنعت و تعلیمی شعبوں کے درمیان موجود خلا کو پُر کرے تاکہ اس کے طلبہ صرف نظری علم ہی نہیں بلکہ عملی مہارتوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے بھی آراستہ ہو کر آج کے مسابقتی ماحول میں کامیابی حاصل کر سکیں۔