وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یو این ڈی پی کے ریذیڈنٹ نمائندہ سیموئل رزک کی وفد کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ریذیڈنٹ نمائندے برائے پاکستان سیموئل رزک نے اپنے وفد کے ہمراہ بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کی ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ وان نیوجن بھی موجود تھیں۔ وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وزارت …

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ریذیڈنٹ نمائندے برائے پاکستان سیموئل رزک نے اپنے وفد کے ہمراہ بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کی ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ وان نیوجن بھی موجود تھیں۔ وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وزارت انسانی حقوق، یو این ڈی پی اور یورپی یونین کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور پاکستان کے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے یو این ڈی پی پاکستان اور یورپی یونین کی جانب سے انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ کے لیے ادارہ جاتی، قانونی اور پالیسی فریم ورک کو مضبوط بنانے میں فراہم کردہ مسلسل تعاون اور تکنیکی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ "حقوق پاکستان II” منصوبہ حکومت پاکستان کے انسانی حقوق کے فروغ کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے جو آئینی ضمانتوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ہے۔

ملاقات کے دوران منصوبے کے چار اہم اجزاء پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جن میں قومی انسانی حقوق کے اداروں کی مضبوطی، سرکاری انسانی حقوق کے ڈھانچے کی بہتری، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں انسانی حقوق کی تعلیم کا فروغ اور کاروبار و انسانی حقوق کے ایجنڈے کی پیش رفت شامل ہیں جو اقوام متحدہ کے "کاروبار و انسانی حقوق سے متعلق رہنما اصولوں” (یو این جی پیز) کے مطابق ہے۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت انسانی حقوق کی معلوماتی انتظامی نظام (ایچ آر آئی ایم ایس) کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ قومی نظام برائے عمل درآمد، رپورٹنگ اور فالو اپ (این ایم آئی آر ایف) کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ پاکستان بین الاقوامی معاہداتی تقاضوں کی موثر تکمیل یقینی بنا سکے۔ مزید برآں منصوبہ کاروبار و انسانی حقوق سے متعلق قومی لائحہ عمل (این اے پی-بی ایچ آر) کو مستحکم کرنے، نجی شعبے میں ذمہ دارانہ کاروباری طرز عمل، صنفی برابری اور پائیداری کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

یہ منصوبہ وزارت کو انسانی حقوق سے متعلق احتیاطی فریم ورک (ہیومن رائٹس ڈیو ڈیلیجنس فریم ورک ) تیار کرنے، مانیٹرنگ و جانچ کے نظام کو بہتر بنانے اور قومی معیارات کو بین الاقوامی وعدوں اور جی ایس پی پلس تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وزارت انسانی حقوق کے انسانی حقوق کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزارت پالیسی اصلاحات، ادارہ جاتی مضبوطی اور عوامی آگاہی کے ذریعے انسانی حقوق کے تحفظ کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یورپی یونین اور یو این ڈی پی کے اشتراک اور مستقل تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری پاکستان میں انسانی حقوق، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مزید تقویت پائے گی۔