کراچی میں قائم 100 نئے کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):بنیادی تعلیم کمیونٹی سکولز ڈائریکٹوریٹ، وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے کراچی میں قائم 100 نئے کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ تربیتی پروگرام ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد اساتذہ کی تدریسی مہارتوں میں اضافہ، کلاس روم مینجمنٹ …

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):بنیادی تعلیم کمیونٹی سکولز ڈائریکٹوریٹ، وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے کراچی میں قائم 100 نئے کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ تربیتی پروگرام ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد اساتذہ کی تدریسی مہارتوں میں اضافہ، کلاس روم مینجمنٹ کو بہتر بنانا اور بچوں پر مرکوز و شمولیتی تعلیم کے طریقوں کو فروغ دینا ہے۔

بنیادی تعلیم کمیونٹی سکولز نے حال ہی میں کراچی کے پسماندہ علاقوں میں 100 کمیونٹی بیسڈ سکولز قائم کیے ہیں جہاں غریب اور نادار بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بن سکیں۔ بنیادی تعلیم کمیونٹی اسکولز کے ڈائریکٹر جنرل حمید خان نیازی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تربیت میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ تربیتی پروگرام ا ساتذہ کو جدید تدریسی حکمتِ عملیوں سے آراستہ کرنے، ان کی کارکردگی بہتر بنانے اور بچوں کے معیاری سیکھنے کے نتائج یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

افتتاحی تقریب میں سینیٹر نسرین جلیل، ممتاز ماہرِ تعلیم اظہر رضوی اور بنیادی تعلیم کمیونٹی اسکولز کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ مقررین نے کم آمدنی والے علاقوں میں تدریسی معیار بلند کرنے کی اس مشترکہ کوشش کو سراہا اور حکومت کی شمولیتی و کمیونٹی بیسڈ تعلیمی ماڈلز پر توجہ کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ڈی جی بنیادی تعلیم کمیونٹی سکولز حمید خان نیازی رواں ہفتے کے اختتام پر تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ اقدام پاکستان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک بھر میں تعلیم تک رسائی کو وسعت دی جائے، سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی لائی جائے اور کمیونٹی سطح پر خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔