آسٹن۔7نومبر (اے پی پی):ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے بھاری اکثریت سے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کے لیے ایک بڑے مالیاتی معاوضے کے منصوبے کی منظوری دے دی، جس کی مالیت ایک کھرب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ پیکج، جو ٹیسلا میں ایلون مسک کی خدمات کے تسلسل اور مصنوعی ذہانت (AI) و روبوٹکس کے شعبے میں پیش رفت کے لیے تیار …
ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کے لئے ایک کھرب ڈالر معاوضے کی منظوری دے دی

مزید خبریں
آسٹن۔7نومبر (اے پی پی):ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے بھاری اکثریت سے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کے لیے ایک بڑے مالیاتی معاوضے کے منصوبے کی منظوری دے دی، جس کی مالیت ایک کھرب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ پیکج، جو ٹیسلا میں ایلون مسک کی خدمات کے تسلسل اور مصنوعی ذہانت (AI) و روبوٹکس کے شعبے میں پیش رفت کے لیے تیار کیا گیا ہے کو 75 فیصد سے زائد شیئر ہولڈرز کی حمایت حاصل ہوئی۔ایلون مسک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس تجویز کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس حمایت کی بے حد قدر کرتا ہوں۔آسٹن میں کمپنی کے فیکٹری کمپلیکس میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں نتائج کے اعلان کے بعد شرکانے "ایلون” کے نعرے لگائے۔رپورٹس کے مطابق اس پیکج کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایلون مسک کم از کم ساڑھے سات سال تک ٹیسلا کے ساتھ منسلک رہیں۔ اس سے ان کا کمپنی میں حصہ 12 فیصد سے بڑھ کر 25 فیصد سے زائد ہو سکتا ہے۔
ٹیسلا کی چیئر پرسن روبن ڈنہوم نے شیئر ہولڈرز پر زور دیا کہ ایلون مسک کی شمولیت برقرار رکھنا کمپنی کے مستقبل کے لیے ضروری ہے، بصورت دیگر کمپنی کے شیئرز کی قیمت متاثر ہو سکتی ہے۔ایلون مسک کا کہنا ہے کہ اگر ٹیسلا خودکار ڈرائیونگ اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں اپنی پیش رفت کو کامیابی سے آگے بڑھا لے تو یہ دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی بن سکتی ہے۔








