واشنگٹن ۔7نومبر (اے پی پی):امریکی سینیٹ نے وینزویلا پر حملہ کرنے کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات کو محدود کرنے کےقانون کو مسترد کر دیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مسترد کئے گئے مسودہ قانون کے تحت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا پر کسی بھی فوجی حملے کے لیے کانگریس کی منظوری حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا۔ امریکی سینیٹ میں اس مسودہ قانون پر …
وینزویلا پر حملے کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات کو محدود کرنے کا قانون امریکی سینیٹ میں مسترد

مزید خبریں
واشنگٹن ۔7نومبر (اے پی پی):امریکی سینیٹ نے وینزویلا پر حملہ کرنے کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات کو محدود کرنے کےقانون کو مسترد کر دیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مسترد کئے گئے مسودہ قانون کے تحت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا پر کسی بھی فوجی حملے کے لیے کانگریس کی منظوری حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا۔
امریکی سینیٹ میں اس مسودہ قانون پر ووٹنگ کے دوران صدر کی اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کے دور ارکان نے بھی حزب اختلاف کی پارٹی ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا اس کے باوجود اس مسودہ قانون کو منظوری کے لئے مطلوبہ 51 ارکان کی حمایت حاصل نہ ہو سکی۔
امریکی سینیٹ میں اس مسودہ قانون پر ووٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امر یکی مسلح افواج کی جانب سے وینزویلا اور کولمبیا کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں بحری جہازوں پر فوجی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں کم از کم 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکا نے ثبوت پیش کیے بغیر الزام لگایا ہے کہ اس نے جن کشتیوں پر بمباری کی ہے وہ منشیات لے کر جا رہی تھیں لیکن لاطینی امریکی رہنماؤں، کانگریس کے کچھ ارکان، بین الاقوامی قانون کے ماہرین اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ نے امریکی حملوں کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر ماہی گیر تھے۔
اس اقدام کے بعد ان خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خطے میں فوجی تعیناتیوں میں اضافہ کریں گے جس میں ہزاروں امریکی فوجی، ایک جوہری آبدوز اور امریکی بحریہ کے جدید ترین طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کے ساتھ جنگی جہازوں کا ایک گروپ شامل ہے تاکہ وینزویلا پر حملہ کیا جا سکے یا وہاں کی موجود حکومت کو گرایا جا سکے ۔
امریکی حکومت کی طرف سے وینز ویلا کے صدر نکولس مادورو پر منشیات کی سمگلنگ کا الزام لگایا ہے، اورصدر ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا کی سرزمین پر حملے کرنے کاعندیہ بھی دے چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے خلاف فوجی کارروائی کے امریکی صدر کے منصوبوں کو امریکی عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل نہیں ہے ۔
ایک حالیہ سروے سے معلوم ہوا ہے کہ امریکا میں صرف 18 فیصد لوگ مادورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے فوجی طاقت کے محدود استعمال کی حمایت کرتے ہیں۔YouGov کی تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ امریکا میں 74 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ امریکی آئین کے تقاضوں کے مطابق صدر کو کانگریس کی منظوری کے بغیر بیرون ملک فوجی حملے کرنے کے قابل نہیں ہونا چاہیے۔








