اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ (آئی پی ڈی)کے زیر اہتمام فیصل مسجد کیمپس میں ’’موثر تدریسی طریقۂ کار‘‘کے عنوان سے ایک پیشہ وارانہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 90 تعلیمی ماہرین، بشمول پرنسپل، کوآرڈینیٹرز اور اساتذہ نے شرکت کی۔ شرکاء کا تعلق آئی آئی یو آئی سکولز، مختلف جامعات اور اسلام آباد، …
اسلامی یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کی جانب سے “موثر تدریسی طریقۂ کار” پر تربیتی ورکشاپ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ (آئی پی ڈی)کے زیر اہتمام فیصل مسجد کیمپس میں ’’موثر تدریسی طریقۂ کار‘‘کے عنوان سے ایک پیشہ وارانہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 90 تعلیمی ماہرین، بشمول پرنسپل، کوآرڈینیٹرز اور اساتذہ نے شرکت کی۔
شرکاء کا تعلق آئی آئی یو آئی سکولز، مختلف جامعات اور اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں کے نجی تعلیمی اداروں سے تھا۔ورکشاپ کا آغاز کنسلٹنٹ آئی پی ڈی ڈاکٹر فوزیہ اجمل کے افتتاحی کلمات سے ہوا جنہوں نے پروگرام کے مقاصد بیان کرتے ہوئے تدریس و تعلم میں تحقیق پر مبنی بہتری کے آئی پی ڈی کے عزم پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ کی قیادت پروفیسر و انچارج اکیڈمکس، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی آئی آئی یو آئی پروفیسر ڈاکٹر سید اطہر مسعود نے کی۔
انہوں نے طلبہ مرکوز تدریسی حکمتِ عملیاں جیسے مسئلہ بنیاد اور اشتراکی تعلیم، عکاس تدریس اور کلاس روم میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر تفصیلی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تدریس کے روایتی، استاد مرکوز طریقوں سے ہٹ کر ایسے طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے جو طلبہ میں تنقیدی سوچ، اشتراک اور علم کے عملی اطلاق کو فروغ دیں۔ڈائریکٹر آئی پی ڈی اور آئی آئی یو آئی سکولز کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم شیخ نے شرکاء کی بھرپور شرکت اور ماہرِ تربیت کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو جدید اور عکاس تدریسی عمل سے بااختیار بنانا معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی نتائج کے لئے ناگزیر ہے۔تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا جس میں شرکاء نے اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے آئی پی ڈی کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔ انسٹیٹیوٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی تدریسی مہارتوں کے فروغ اور تدریسی جدت کے لئے اسی نوعیت کے تربیتی پروگرامز جاری رکھے گا۔








