لوک میلہ کے ساتویں روز آزاد جموں و کشمیر کی ثقافتی نائٹ نے حاضرین کو مسحور کر دیا

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ شکرپڑیاں میں جاری لوک میلہ 2025 کے ساتویں روز فضائیں آزاد جموں و کشمیر کی دلکش دھنوں، نغموں اور ثقافتی رنگوں سے گونج اٹھیں۔دو لاکھ سے زائد شائقین نے کشمیر کلچرل نائٹ میں شرکت کی جہاں کشمیری موسیقی، رقص اور لوک ورثے کا دلکش امتزاج پیش کیا گیا۔شام کا سب سے یادگار لمحہ آزاد جموں و کشمیر کے معروف لوک گلوکاروں کی شاندار پرفارمنسز …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ شکرپڑیاں میں جاری لوک میلہ 2025 کے ساتویں روز فضائیں آزاد جموں و کشمیر کی دلکش دھنوں، نغموں اور ثقافتی رنگوں سے گونج اٹھیں۔دو لاکھ سے زائد شائقین نے کشمیر کلچرل نائٹ میں شرکت کی جہاں کشمیری موسیقی، رقص اور لوک ورثے کا دلکش امتزاج پیش کیا گیا۔شام کا سب سے یادگار لمحہ آزاد جموں و کشمیر کے معروف لوک گلوکاروں کی شاندار پرفارمنسز تھیں جنہوں نے اپنی سریلی آوازوں سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ اس خصوصی محفل میں شریک فنکاروں میں الطاف میر، عاشق حسین بٹ، سہیل عباسی، سید دلاور عباس، نادر خان، حنا عباسی، شکیل احمد میر، شہزیب حسین، سجاد کشمیری، نتاشا خان، راجہ عمران، بسط شیخ، نومان سلیم، بابر پنجکوٹی اور بانو رحمت شامل تھے۔

روایتی سازوں پر دھنیں بکھیرنے والوں میں انوار علی (کی بورڈ)، محمد معروف (طبلہ)، سنی گل (ڈھولک) اور محمد بدر خان (رباب) شامل تھے جنہوں نے اپنی دھنوں سے محفل میں جادو بھر دیا۔محفل میں کشمیری لوک، پہاڑی، صوفیانہ اور گوجری موسیقی کی جھلکیاں پیش کی گئیں جو ثقافتی تنوع اور قومی ہم آہنگی کی خوبصورت علامت تھیں۔ناظرین نے زبردست تالیاں بجا کر فنکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔لوک میلہ کے دوران ہزاروں سیاحوں نے مختلف ثقافتی پویلینز، دستکاری سٹالز، روایتی کھانوں، پپٹ شوز اور علاقائی نمائشوں سے لطف اٹھایا۔خصوصی طور پر کشمیر پویلین نے اپنی ہنرمند کڑھائی، لکڑی کے کام اور علاقائی ذائقوں سے زبردست داد سمیٹی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر محمد وقاص سلیم نے کہا کہ لوک میلہ پاکستان کی زندہ ثقافتوں کا جشن ہے، جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارا تنوع ہی ہماری اصل طاقت ہے،لوک میلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے 16 نومبر تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں