قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ترمیمی بل2025، پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل 2025،پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ترمیمی بل2025، پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل 2025،پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025کی منظوری دیدی۔ جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا کہ وفاقی کا بینہ کا آج اجلاس ہواہے جس میں متعلقہ قانون سازی کیلئے اجازت دی گئی ہے، 27ویں ترمیم پرصدرمملکت نے دستخط کردئیے ہیں اور اب یہ آئین کا حصہ ہے، آئینی عدالت قائم ہوگئی ہے، …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ترمیمی بل2025، پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل 2025،پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025کی منظوری دیدی۔ جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا کہ وفاقی کا بینہ کا آج اجلاس ہواہے جس میں متعلقہ قانون سازی کیلئے اجازت دی گئی ہے، 27ویں ترمیم پرصدرمملکت نے دستخط کردئیے ہیں اور اب یہ آئین کا حصہ ہے، آئینی عدالت قائم ہوگئی ہے، وزیراعظم نے صدر مملکت،بلاول بھٹوزرداری اور اتحادی جماعتوں کی قائدین کا شکریہ اداکیاہے۔

وزیرقانون نے کہاکہ آرٹیکل 243میں تبدیلیاں کی گئی ہیں،فیلڈمارشل کے عہدے کوآئینی تحفظ فراہم کیا گیا ہے، جدید جنگی رحجانات کے تناظرمیں آرمی چیف کے عہدے کوچیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے سے تبدیل کیا گیا ہے،ان کے عہدوں پرتعیناتی کیلئے وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے وزارت دفاع کی جانب سے تین قوانین کی سمریاں وزارت قانون کوفراہم کی ہے جس کی وفاقی کا بینہ نے منظوری دیدی ہے،آئینی عدالت کیلئے پریکٹس اینڈپروسیجرایکٹ میں بعض ترامیم کے مسودہ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے سپیکرسے ضمنی ایجنڈامیں ان ترامیم کوشامل کرنے کی استدعاکی جس کی سپیکرنے اجازت دیدی۔

خواجہ محمدآصف نے پاکستان آرمی ایکٹ 1952میں ترمیم کرنے کے بل پاکستان آرمی ترمیمی بل2025، پاکستان ائیرفورس ایکٹ 1953میں ترمیم کرنے کے بل پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل2025اورپاکستان نیوی آرڈی ننس 1961میں ترمیم کے بل پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025ایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے تینوں بل ایوان میں پیش کئے جس کی ایوان نے شق وارمنظوری دیدی۔

قبل ازیں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے ایوان کوبتایا کہ سری لنکا کی حکومت اور کرکٹ بورڈ کا فیصلہ خوش آئند ہے، سری لنکا ہمارے ان دوستوں میں سے ہیں جس نے کرکٹ کے حوالہ سے قیمت چکائی ہے، ماضی میں حملہ کے باوجود وہ پاکستان کھیلنے کیلئے آئے ہیں،جس طرح کے حالات بنائے گئے ہیں اور کل جس طرح حملہ ہواہے، اسلام آباد پولیس نے حملہ آور کو کچہری کی عمارت میں داخلہ سے روکا جس سے زیادہ نقصان ہوسکتاتھا،انہوں نے کہاکہ ان کے دوست اسلم گھمن کے جواں سال صاحبزادے کو 10دن قبل سپریم کورٹ میں پریکٹس کا لائسنس ملا، وہ انرولمنٹ کی خوشی میں گئے تھے وہ کرب وتکلیف میں بدل گئی،

وقوعہ کے بعدمیں وزیراعظم کی ہدایت پر اسپتالوں میں گیاہوں، دہشت گردوں کا کوئی دین مذہب نہیں ہے، اس دھماکہ میں زیادہ ترغریب لوگ شہید ہوئے ہیں، وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی ہے اور لواحقین کیلئے پیکج کا اعلان بھی کیاجائیگا۔