اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):سابق سیکرٹری خارجہ اور انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز (آئی ایس ایس آئی )کے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود نے الجزائر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، دفاع، ثقافت اور تھنک ٹینکس میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور الجزائر مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ خواہشات پر مبنی دوستی کے گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا …
پاکستان اور الجزائر مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ خواہشات پر مبنی دوستی کے گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود

مزید خبریں
اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):سابق سیکرٹری خارجہ اور انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز (آئی ایس ایس آئی )کے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود نے الجزائر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، دفاع، ثقافت اور تھنک ٹینکس میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور الجزائر مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ خواہشات پر مبنی دوستی کے گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں الجزائر کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس کا اہتمام انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز وزارت خارجہ اور پاکستان افریقہ انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ کے اشتراک سے کیا تھا۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور الجزائر کے قومی ترانوں سے ہوا۔ سابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور غیر وابستہ تحریک جیسے بین الاقوامی فورمز پر مسلسل تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ’’انگیج افریقہ‘‘پالیسی کے تحت، الجزائر افریقہ اور عرب دنیا میں ایک سرکردہ ملک کے طور پر ایک خاص مقام رکھتا ہے۔سہیل محمود نے کہا کہ الجزائر کا قومی دن 1954ء میں الجزائر کی آزادی کی جدوجہد کا آغاز ہے۔
انہوں نے الجزائر کے عوام کی ریزیلینس اور اتحاد کو خراج تحسین پیش کیا جن کی قربانیوں سے انہیں نوآبادیاتی حکمرانی پر فتح ہوئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے الجزائر کی آزادی کی جدوجہد کی مکمل حمایت کی اور وہ ستمبر 1958ء میں جلاوطن جمہوریہ الجزائر کی عبوری حکومت کو تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل تھا جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں کی عکاسی کرتا ہے جو استعمار کے خاتمے، مسلم مقاصد کے ساتھ یکجہتی اور حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں الجزائر کے سفیر براہیم رومانی نے پاکستان اور الجزائر کے درمیان گہری دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے بینڈونگ کانفرنس اور اقوام متحدہ میں الجزائر کی آزادی کے لیے پاکستان کی ابتدائی حمایت کا ذکر کیا۔
انہوں نے انصاف، یکجہتی اور باہمی احترام کی مشترکہ اقدار پر زور دیا جس کی جھلک اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور گروپ آف 77 میں یکساں پوزیشنوں سے ہوتی ہے۔ انہوں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں مضبوط اور بڑھتے ہوئے پاکستان اور الجزائر کے تعلقات کا ذکر کیا ۔ سفیر براہیم رومانی نے الجزائر کے سٹریٹجک محل وقوع، کم لاگت کی توانائی اور افریقی اور عرب آزاد تجارتی زونز تک رسائی کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر مشاہد حسین سید، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) حامد اصغر خان، الجزائر میں پاکستان کے سفیر خالد حسین گڈارو اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔ صدرپاکستان افریقہ انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ مشاہد حسین سید نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الجزائر کا قومی دن منانا الجزائر کے عوام کی تاریخی جدوجہد اور استقامت کا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یادگار دن پاکستان اور الجزائر کے درمیان پائیدار دوستی کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے الجزائر کی آزادی کی جدوجہد کے دوران پاکستان کی مکمل حمایت اور خاص طور پر اقوام متحدہ اور غیر وابستہ تحریک میں الجزائر کی حمایت کا ذکر کیا۔
انہوں نے افریقہ، مشرق وسطیٰ اور مسلم دنیا میں الجزائر کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے مشترکہ ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کی نظامت انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کی سینٹر فار افغانستان، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی ڈائریکٹر آمنہ خان نے کی۔








