راولپنڈی۔13نومبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران بنگلہ دیش کے عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سکیورٹی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ …
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کی بنگلہ دیش کے عسکری حکام سے ملاقاتیں ، باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر بات چیت

مزید خبریں
راولپنڈی۔13نومبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران بنگلہ دیش کے عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سکیورٹی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش کے اپنے سرکاری دورے کا اختتام چٹوگرام میں پی این ایس سیف کی بندرگاہ کے دورے کے ساتھ کیا۔دورے کے دوران نیول چیف نے بنگلہ دیشی چیف آف آرمی سٹاف جنرل وقار الزمان، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل حسن محمود خان اور پرنسپل سٹاف آفیسر آرمڈ فورسز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سکیورٹی اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت ہوئی۔ دونوں اطراف نے خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے نیشنل ڈیفنس کالج (این ڈی سی) بنگلہ دیش کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر این ڈی سی اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی اور ادارے کے مینڈیٹ اور پروگرامز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔چٹوگرام میں نیول چیف سے کمانڈر چٹوگرام (COMCHIT)، کمانڈر بنگلہ دیش نیوی فلیٹ اور ایریا سپرنٹنڈنٹ ڈاکیارڈ نے ملاقات کی۔انہوں نے بنگلہ دیش نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا، کمانڈنٹ اور فیکلٹی سے ملاقات کی اور اکیڈمی کے پیشہ وارانہ معیار کو سراہا۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے سمندری ماحول میں تعلیمی فضیلت، باہمی تعاون کی تربیت اور جدید بحری تعلیم کی ضرورت پر زور دیا۔
چٹوگرام میں ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس سیف پر ایک استقبالیہ بھی دیا جس میں سی این ایس بنگلہ دیش نیوی، پاکستان کے ہائی کمشنر، سفارتکاروں، اعلیٰ فوجی حکام، سکالرز، صحافیوں اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس تقریب نے خلیج بنگال اور بحر ہند کے خطے میں پرامن تعاون کے عزم کو اجاگر کیا۔یہ دورہ دوطرفہ بحری تعلقات کو مضبوط بنانے، باہمی احترام کو فروغ دینے اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میری ٹائم سکیورٹی تعاون کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔








