میکسیکو سٹی۔17نومبر (اے پی پی):میکسیکو سٹی میں صدرکے پُرتشدد جرائم سے نمٹنے کے طریقہ کار کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کے دوران 100 سے زائد افراد زخمی جبکہ 20 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو ہزاروں افراد نے دارالحکومت کے تاریخی مرکزی عوامی چوک زوکالو میں مارچ کیا۔اس مظاہرے کی قیادت وہ نوجوان کر رہے تھے جو دنیا بھر …
میکسیکو میں جین زی احتجاج کے دوران 120افراد زخمی،20 گرفتار

مزید خبریں
میکسیکو سٹی۔17نومبر (اے پی پی):میکسیکو سٹی میں صدرکے پُرتشدد جرائم سے نمٹنے کے طریقہ کار کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کے دوران 100 سے زائد افراد زخمی جبکہ 20 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو ہزاروں افراد نے دارالحکومت کے تاریخی مرکزی عوامی چوک زوکالو میں مارچ کیا۔اس مظاہرے کی قیادت وہ نوجوان کر رہے تھے جو دنیا بھر میں جنریشن زی کی احتجاجی تحریکوں سے متاثر ہیں۔اس مظاہرے میں’سومبریرو موومنٹ‘ کے حامی بھی شامل تھے۔
یہ تحریک اس میئر کے قتل کے بعد سامنے آئی تھی جو اپنے شہر میں منظم جرائم کے خلاف سرگرمی سے لڑ رہا تھا۔اے ایف پی کے مشاہدے کے مطابق مختلف عمر کے افراد صدارتی محل کے سامنے مظاہرے میں شریک تھے جہاں صدر کلاؤڈیا شینباوم مقیم ہیں اور وہاں کام کرتی ہیں۔کچھ مظاہرین نے صدارتی محل کی حفاظت کے لیے لگائی گئی دھاتی رُکاوٹیں گرا دیں اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ اے ایف پی کے صحافیوں نے بتایا کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مظاہرہن کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
میکسیکو سٹی کے سکیورٹی چیف پابلو واسکز نے صحافیوں کو بتایا کہ ’کئی گھنٹوں تک یہ مظاہرہ پُرامن طریقے سے جاری رہا، لیکن پھر ایک گروہ نے پُرتشدد کارروائیاں شروع کر دیں۔انہوں نے کہا کہ 20 مظاہرین اور 100 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 40 افسران کو چوٹوں کی وجہ سے ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
سکیورٹی چیف نے مزید بتایا کہ پولیس نے چوری اور تشدد کے الزام میں 20 افراد کو گرفتار کیا ہے اور لا جورنادا اخبار کے صحافی پر حملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس (حملے) میں پولیس اہلکار ملوث ہیں۔








