سعودی عرب، بھارتی عمرہ زائرین کی بس مدینہ منورہ کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، 42 زائرین جاں بحق

مدینہ منورہ۔17نومبر (اے پی پی):بھارت سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کی بس مدینہ منورہ کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 42 عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق عمرہ کے لیے سعودی عرب میں موجود زائرین پیر کی صبح ایک بس میں مکہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے جہاں ان کی بس ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے …

مدینہ منورہ۔17نومبر (اے پی پی):بھارت سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کی بس مدینہ منورہ کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 42 عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق عمرہ کے لیے سعودی عرب میں موجود زائرین پیر کی صبح ایک بس میں مکہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے جہاں ان کی بس ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

رپورٹ کے مطابق بس میں 42 افراد سوار تھے جن کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تھا اور ان عمرہ زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم سرکاری سطح پر تاحال اموات کی تعداد بارے تصدیق نہیں کی گئی۔دوسری جانب بھارتی سیاستدان اسد الدین اویسی نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری اطلاعات کے مطابق عمرہ زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں 41 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خوفناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 42 بھارتی عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے،جائے حادثہ کی فوٹیج میں بس کو مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں دکھایا گیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد حیدرآباد کے شہریوں کی ہے جن میں 20 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریسکیو آپریشن رات بھر جاری رہا، مقامی افراد نے بھی شدید زخمی مسافروں کو بچانے میں حصہ لیا۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 40 سے زائد افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے تاہم سرکاری سطح پر ہلاکتوں کی حتمی تعداد ابھی تک جاری نہیں کی گئی۔