علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بین الاقوامی فیکلٹی سیمینار منعقد

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں " المیزان فی تفسیر القرآن میں جدید تفسیری رجحانات کی بنیادیں "کے موضوع پر گذشتہ روز ایک بین الاقوامی فیکلٹی سیمینار منعقد ہوا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عصر حاضر کے علمی چیلنجز کے تناظر میں تفسیری روشوں پر ازسرِنو تحقیق ناگزیر ہے۔سیمینار کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ قرآن و تفسیر، کلیہ عربی و علومِ …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ” المیزان فی تفسیر القرآن میں جدید تفسیری رجحانات کی بنیادیں "کے موضوع پر گذشتہ روز ایک بین الاقوامی فیکلٹی سیمینار منعقد ہوا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عصر حاضر کے علمی چیلنجز کے تناظر میں تفسیری روشوں پر ازسرِنو تحقیق ناگزیر ہے۔سیمینار کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ قرآن و تفسیر، کلیہ عربی و علومِ اسلامیہ نے جامعۃ المصطفیٰ العالیہ (پاکستان چیپٹر) کے اشتراک سے کیا تھا۔

صدارت ڈین کلیہ عربی و علومہ اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی جبکہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر محمد کاظم سلیم (سربراہ شعبہ تحقیق، المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی پاکستان چیپٹر) کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا۔پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تفسیر المیزان نہ صرف عصرِ حاضر کے فکری و علمی مباحث کے تناظر میں ایک جامع اور متوازن رہنمائی فراہم کرتی ہے بلکہ اس کی علمی گہرائی نئے تحقیقی زاویوں کو بھی جنم دیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں قرآنی فہم کے نئے رجحانات کو سمجھنے کے لئے ایسے تفسیری متون کا مطالعہ ضروری ہے جو روایت اور جدیدیت کے درمیان ایک مضبوط ربط قائم کریں۔ سیمینار کا کلیدی خطبہ ڈاکٹر ثناء اللہ حسین (چئیرمین شعبہ قرآن و تفسیر، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ) نے پیش کیا۔انہوں نے المیزان کی روشنی میں جدید تفسیری رجحانات اور ان کی فکری بنیادوں پر مفصل گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ المیزان ایک جامع اور اجتماعی تفسیر ہے جو عصرِ حاضر کے معاشی، معاشرتی اور فکری مسائل کے حل کے لئے نہایت مفید اور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تفسیر روایت اور معاصر تقاضوں کے درمیان مضبوط ربط قائم کرتی ہے جس کی وجہ سے آج کے محققین اور طلبہ کے لئے اس کا مطالعہ ایک ناگزیر ضرورت ہے۔

انہوں نے اس تفسیر کے مختلف زبانوں، بالخصوص اردو میں معیاری ترجمے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اس کے علمی و فکری مباحث زیادہ وسیع حلقے تک پہنچ سکیں اور اہلِ علم اس سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔تقریب سے خصوصی خطابات کرنے والوں میں ڈاکٹر رب نواز (چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ، ہائی ٹیک، ٹیکسلا)،ڈاکٹر سید آصف محمود بخاری (سابق چیئرمین، قسم القرآن و علومہ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی)،ڈاکٹر رئیس اعظم شاہد (فیکلٹی ممبر، شعبہ تفسیر المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی)شامل تھے۔ دریں اثناء سوشل سائنسز کی بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں ملکی و بین الاقوامی ماہرین تعلیم نے عصر حاضر کے معاشی و معاشرتی چیلنجز پر 176مقالے پیش کئے۔

مزید خبریں