وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا پمز ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں متعدد خامیوں پر اظہار تشویش

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے پمز ہسپتال میں آؤٹ سورسنگ کے باعث مختلف شعبوں میں پائی جانے والی تنزلی، صفائی کی ناقص صورتحال اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں متعدد خامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو کارکردگی میں فوری بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی محتسب نے پمز کے خلاف موصول ہونے والی بڑی تعداد میں عوامی شکایات کا …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے پمز ہسپتال میں آؤٹ سورسنگ کے باعث مختلف شعبوں میں پائی جانے والی تنزلی، صفائی کی ناقص صورتحال اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں متعدد خامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو کارکردگی میں فوری بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی محتسب نے پمز کے خلاف موصول ہونے والی بڑی تعداد میں عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محمد اشفاق احمد کی سربراہی میں ایک معائنہ ٹیم ہسپتال بھیجی جس میں ایسوسی ایٹ ایڈوائزر افتخار حسین نقوی، ڈپٹی ایڈوائزر پرویز حلیم راجپوت، کنسلٹنٹ خالد سیال اور انویسٹی گیشن آفیسر جمیل احمد شامل تھے۔معائنہ ٹیم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ٹیم نے گزشتہ دورے کی سفارشات پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق تمام شعبوں میں مریضوں کا شدید رش پایا گیا جبکہ ایمرجنسی وارڈز اور آؤٹ سورس کئے گئے شعبوں کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی۔ صفائی کی صورتحال، وہیل چیئرز اور سٹریچرز کی کمی اور ناقص سکیورٹی انتظامات بھی سامنے آئے۔ٹیم نے سفارش کی کہ آئندہ کسی بھی آؤٹ سورسنگ کمپنی کو ٹھیکہ کارکردگی کا خصوصی جائزہ لینے کے بعد دیا جائے۔ مریضوں کے بڑھتے ہوئے رش کے پیشِ نظر ہسپتال انتظامیہ کو لیبارٹری میں بھی ٹوکن سسٹم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

مزید برآں کارڈیالوجی میں ای سی جی رومز کی تعداد تین سے بڑھا کر پانچ کرنے اور خواتین کے لئے الگ کمرہ مختص کرنے کا بھی کہا گیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حال ہی میں 93 ڈاکٹروں اور 113 پیرامیڈیکل سٹاف کی تقرریاں عمل میں آئی ہیں تاہم اب بھی متعدد آسامیاں خالی ہیں۔

ہسپتال میں روزانہ 10ہزار سے زائد مریض آتے ہیں جن کے لئے صرف دو ایم آر آئی مشینیں اور الٹراساؤنڈ کی 28 مشینیں موجود ہیں جبکہ صرف گائنی میں روزانہ 300 سے زائد الٹراساؤنڈ کئے جاتے ہیں۔وفاقی محتسب نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خالی آسامیاں قواعد کے مطابق فوری طور پر پُر کی جائیں۔ معائنہ ٹیم نے اپنی ابتدائی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کر دی ہے جبکہ تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر جمع کرائی جائے گی۔

مزید خبریں