بچے کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ،انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے،سردارایاز صادق

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں،پاکستان کے بچوں کو معیاری تعلیم، بہتر صحت، مؤثر تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا نہ صرف ریاست بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی قومی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں …

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں،پاکستان کے بچوں کو معیاری تعلیم، بہتر صحت، مؤثر تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا نہ صرف ریاست بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی قومی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 20 نومبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بچوں کو غربت، جبری مشقت، تشدد، استحصال، غذائی قلت، جنسی جرائم اور تعلیم سے محرومی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بچوں کے خلاف ہر قسم کے ظلم و تشدد کی روک تھام کے لئے قانون سازی کے ساتھ ساتھ اس کے مؤثر نفاذ کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے بچوں کے تحفظ کے لئے متعدد اہم اقدامات کئے ہیں جن میں چائلڈ پروٹیکشن قوانین، جبری مشقت کی روک تھام، سکول سیفٹی سٹینڈرڈز کی بہتری اور بچوں کے خلاف جرائم پر فوری انصاف کے لئے قانونی اصلاحات شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی کاکس برائے چائلڈ رائٹس ملک بھر میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے لئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اسی وقت محفوظ ہو سکتا ہے جب ہر بچہ محفوظ ہو، تعلیم یافتہ ہو اور انہیں بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے قومی روڈ میپ، والدین کی آگاہی، اساتذہ کا مثبت کردار اور ریاستی اداروں کے مضبوط اقدامات ایک مشترکہ سمت میں آگے بڑھیں تو پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ قومی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر بچے کو محفوظ ماحول، معیاری تعلیم اور باوقار مستقبل فراہم کیا جائے۔ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ پارلیمان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی، پالیسی سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ پاکستان کے بچے محفوظ، بااختیار اور روشن مستقبل کے حامل بن سکیں۔