پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

دوحہ۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل انتہائی سنسنی خیز رہا جو مقررہ اوورز میں ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوا، جہاں شاہینز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ اتوار کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے …

دوحہ۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل انتہائی سنسنی خیز رہا جو مقررہ اوورز میں ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوا، جہاں شاہینز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔

اتوار کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان شاہینز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سعد مسعود نے 38 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ عرفات منہاس نے 25 اور معاذ صداقت نے 23 رنز بنائے۔ کپتان عرفان خان اور غازی غوری 9، 9 رنز بنا سکے جبکہ یاسر خان اور محمد فائق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش اے کی جانب سے ریپون موندول نے 3 اور رقیب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش اے بھی 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز تک محدود رہی۔ حبیب الرحمان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ رقیب الحسن نے 24 اور ایس ایم مہروب نے 19 رنز بنائے۔ عبدالغفار ثقلین 16 اور ریپون موندول 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے تین جبکہ عرفات منہاس اور احمد دانیال دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سپر اوور میں احمد دانیال کی نپی تلی باؤلنگ کے باعث بنگلہ دیش اے صرف 6 رنز بنا سکی اور دونوں وکٹیں گنوا بیٹھے۔ جواب میں پاکستان شاہینز نے مطلوبہ ہدف 4 گیندوں پر ہی پورا کر لیا۔ سعد مسعود 5 اور معاذ صداقت ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ واضح رہے کہ پاکستان شاہینز نے یہ تیسری بار اعزاز حاصل کیا ہے۔

اس سے قبل قومی ٹیم 2019 اور 2023 میں بھی یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے جب یہ مقابلے ایشیا کپ ایمرجنگ کے نام سے منعقد ہوتے تھے۔ پاکستان شاہینز پورے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہی۔ گروپ مرحلے میں عمان، انڈیا اے اور متحدہ عرب امارات کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو بھی مات دی۔

مزید خبریں