متحدہ عرب امارات کا عبدالفتاح البرہان پر سوڈان میں قیام امن کی کوششیں مسترد کرنے کا الزام

ابوظہبی۔25نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے سوڈان کی خودمختاری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان پر سوڈان کے لیے امریکی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے امن کی کوششوں کو مسترد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم الہاشمی نے کہا کہ جنرل عبدالفتاح البرہان ایک بار پھر امن قائم کرنے کی تمام کوششوں کو مسترد کر رہے ہیں۔ سوڈان …

ابوظہبی۔25نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے سوڈان کی خودمختاری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان پر سوڈان کے لیے امریکی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے امن کی کوششوں کو مسترد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم الہاشمی نے کہا کہ جنرل عبدالفتاح البرہان ایک بار پھر امن قائم کرنے کی تمام کوششوں کو مسترد کر رہے ہیں۔

سوڈان کے لیے امریکی امن منصوبے کو مسترد کرنے اور جنگ بندی کو قبول کرنے سے بار بار انکار کے ذریعے وہ مسلسل ایک رکاوٹ ڈالنے والا رویہ اپنائے ہوئے ہیں جس کی مذمت کی جانی چاہیے۔

اس خانہ جنگی میں سوڈان کے عوام ہی سب سے بڑا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔عبد الفتاح البرہان پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ الزام ان کی جانب سے امریکی جنگ بندی کی تجویز پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے جہاں انہوں نے کہا تھا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کیے گئے بعض حل سوڈان کی تقسیم کی واضح دعوت ہیں۔

انہوں نے امریکی ایلچی مسعد بولس کی دستاویز کو بدترین قرار دیا تھا کیونکہ اس میں مسلح افواج کے وجود کو ختم کرنے، تمام سکیورٹی اداروں کو تحلیل کرنے اور باغی ملیشیا ( ریپیڈ سپورٹ فورسز) کو ان کے علاقوں میں برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مزید برآں متحدہ عرب امارات کی خاتون وزیر ریم الہاشمی نے زور دیا کہ اقوام متحدہ سوڈان کی موجودہ صورتحال کو جدید تاریخ کی بدترین انسانی المیوں میں سے ایک قرار دے رہی ہے جہاں امداد کی رسائی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور جان بوجھ کر شہریوں کو بھوکا رکھا جا رہا ہے۔

ابوظہبی تنازع کے دونوں فریقین کے رویے پر گہری تشویش سے نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ ان کی فوجی کشیدگی اور انسانی امداد کی رسائی میں بار بار رکاوٹ ڈالنا سوڈان کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہا ہے۔

اماراتی عہدیدار نے اس خانہ جنگی کو ختم کرنے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔متحدہ عرب امارات نے سوڈان کو انتہا پسندی اور ٹوٹ پھوٹ کی طرف جانے سے روکنے اور انسانی تباہی کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا۔

اماراتی خاتون وزیر نے کہا کہ شہریوں کے خلاف ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔ ہمیں ایک قابل اعتماد راستہ دوبارہ قائم کرنا چاہیے جو ایک محفوظ اور متحد سوڈان کے قیام کی طرف لے جائے۔