اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے والدین اور اہلِ خانہ کاخصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستان میں پہلی بار منعقد ہونے والےایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز( اے ٹی پی )چیلنجر ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس نے قومی ٹینس کے ایک اہم باب کا آغاز کیا۔تقریب …
اے ٹی پی چیلنجر پاکستان ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب، اعصام الحق قریشی کا پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے والدین اور اہلِ خانہ کاخصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستان میں پہلی بار منعقد ہونے والےایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز( اے ٹی پی )چیلنجر ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس نے قومی ٹینس کے ایک اہم باب کا آغاز کیا۔تقریب کے دوران پاکستان کے نامور ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کیا۔
اس موقع پر جاری اے ٹی پی چیلنجر پاکستان ٹورنامنٹ ان کے شاندار اور قابلِ فخر کیریئر کا آخری پروفیشنل ایونٹ قرار پایا۔اعصام الحق قریشی کے دو دہائیوں سے زائد کے غیر معمولی سفر کا اختتام ہوگیا،ایسا سفر جس نے انہیں عالمی سطح پر بے پناہ عزت، مقبولیت اور شناخت دلائی۔افتتاحی تقریب جذباتی لمحات اور جوش سے سجی رہی۔ روشنیوں میں جب اعصام الحق کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا تو کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین نے ان کی پاکستان کے لیے غیر معمولی خدمات کا اعتراف کیا۔
اعصام الحق قریشی نے اپنے الوداعی خطاب میں کیریئر کے مشکل ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے والدین اور اہلِ خانہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کی حمایت نے انہیں کامیابی کی بلندیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے اپنے کوچز، رہنماؤں، ساتھی کھلاڑیوں اور قومی اسپورٹس میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں اے ٹی پی چیلنجر اسلام آباد میں شریک بین الاقوامی اور قومی کھلاڑیوں کا باقاعدہ تعارف بھی کروایا گیاجس نے اس دن کو پاکستان کی ٹینس کی تاریخ کا یادگار لمحہ بنا دیا۔اعصام الحق قریشی کا الوداعی اعلان ایک دور کے خاتمے کی حیثیت رکھتا ہے تاہم ان کی خدمات اور وراثت آئندہ نسل کے کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی اور ملک میں ٹینس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔








