ریاض پہلے عالمی نان پرافٹ فورم کی میزبانی کرے گا، سماجی و معاشی اثرات میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت

خرم شہزاد ریاض ۔26نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض پہلی مرتبہ بین الاقوامی نان پرافٹ فورم “بیونڈ پرافٹ” کی میزبانی کرے گا جو نیشنل سینٹر فار نان پرافٹ سیکٹر (این سی این پی) کے تحت اور سعودی کنونشنز اینڈ ایگزیبیشنز جنرل اتھارٹی کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ اہم بین الاقوامی فورم 3 تا 5 دسمبر دی رٹز کارلٹن ریاض میں ہوگا جہاں دنیا بھر …

خرم شہزاد

ریاض ۔26نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض پہلی مرتبہ بین الاقوامی نان پرافٹ فورم “بیونڈ پرافٹ” کی میزبانی کرے گا جو نیشنل سینٹر فار نان پرافٹ سیکٹر (این سی این پی) کے تحت اور سعودی کنونشنز اینڈ ایگزیبیشنز جنرل اتھارٹی کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

یہ اہم بین الاقوامی فورم 3 تا 5 دسمبر دی رٹز کارلٹن ریاض میں ہوگا جہاں دنیا بھر سے صف اول کے رہنما، پالیسی ساز، ماہرین اور سماجی اثرات کے ماہرین شرکت کریں گے۔فورم کا مقصد نان پرافٹ شعبے کے مستقبل، اس کے پائیدار ترقی میں کردار اور مقامی و عالمی سطح پر سماجی و معاشی اثرات میں اضافے پر مکالمہ کرنا ہے۔

فورم میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 80 سے زائد ممتاز مقررین شرکت کریں گے۔ پروگرام میں متعدد پینل مباحثے شامل ہیں جن میں اہم موضوعات جیسے کہ شفافیت اور ضابطہ اخلاق کے ذریعے اعتماد سازی،موثر عطیہ د اور جدید فلاحی طریقہ کار،مصنوعی ذہانت کے دور میں مقصد کی وضاحت اور ذمہ دارانہ جدت، سماجی اثرات اور معاشی ترقی کا ربط، 2030 کے بعد امداد، ٹیکنالوجی اور فلاحی سرگرمیوں کا فروغ پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔فورم کے دوران خصوصی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جن کا مقصد ادارہ جاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

پہلے روز ’’اثر پر مبنی منظوری‘‘ اور ’’سماجی سرمایہ کاری کے نئے طریقہ کار‘‘ پر سیشنز ہوں گے جبکہ دوسرے روز صحت، تحقیق، اختراع، موسمیاتی تبدیلی اور ایس ڈی جیز کے حوالے سے خصوصی مباحثے منعقد کیے جائیں گے۔یہ فورم چار بنیادی ستونوں پر مبنی ہے جس میں گورننس اور کمیونٹی اختراع کے ذریعے مضبوط شراکت داری کا فروغ، افرادی قوت کی فلاح و استحکام اور مستقبل کے رہنمائوں کی تیاری،وسائل کی موثر فراہمی اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال اورحکومتی و نان پرافٹ شعبوں کے درمیان تعاون اور پائیدار ترقی کے لیے ہم آہنگی شامل ہے۔

’’بیونڈ پرافٹ‘‘ فورم اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی اجتماع ہے جو سماجی ترقی، اختراع اور عالمی شراکت داری کے فروغ میں سعودی عرب کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ فورم سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا اور نان پرافٹ شعبے کو ایک مضبوط اور موثر محرک کے طور پر سامنے لائے گا۔