پی ٹی وی روایتوں کا امین ، ہمیشہ اپنی روایات اور اقدار کو ملحوظ خاطر رکھا، اصلاحاتی عمل میں نجی شعبے اور پاکستان کی جنریشن زی کی شمولیت ناگزیر ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان ٹیلی ویژن کی 61 ویں سالگرہ پر پی ٹی وی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی وی روایتوں کا امین ہے جس نے ہمیشہ اپنی روایات اور اقدار کو ملحوظ خاطر رکھا، معرکہ حق کے دوران پی ٹی وی نیوز نے بہترین بیانیہ کو فروغ دیا، پی ٹی وی کا ماضی بھی شاندار …

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان ٹیلی ویژن کی 61 ویں سالگرہ پر پی ٹی وی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی وی روایتوں کا امین ہے جس نے ہمیشہ اپنی روایات اور اقدار کو ملحوظ خاطر رکھا، معرکہ حق کے دوران پی ٹی وی نیوز نے بہترین بیانیہ کو فروغ دیا، پی ٹی وی کا ماضی بھی شاندار تھا اور مستقبل بھی شاندار ہوگا۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن کی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر پی ٹی وی نیوز کے مارننگ شو میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی کے شاندار ماضی کی بحالی اور ادارے کے مستقبل کے لئے قومی یگانگت، ڈیجیٹل جدت اور پائیدار اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی عمل میں نجی شعبے اور پاکستان کی جنریشن زی کی شمولیت ناگزیر ہے جبکہ تعمیری تنقید کو خوش آئند سمجھتے ہوئے پی ٹی وی کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک گھر کی مانند ہے جسے عزت و وقار کے ساتھ محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تنقید کو کھلے دل سے قبول کرنا اور باہمی اتحاد برقرار رکھنا قومی ترقی اور اقدار کے تحفظ کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کی جنریشن زی نے بھرپور اور سرگرم کردار ادا کیا، دشمن حیران تھا کہ جنگ کے ماحول میں پاکستانی عوام مطمئن کیسے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کے جذبہ حب الوطنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہی نسل ملک کے مستقبل کی سمت متعین کرنے میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب جنریشن زی کا وقت ہے کہ وہ آگے بڑھ کر ملک کی خدمت کرے اور پاکستان کے شاندار ورثے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ترقی کی نئی راہیں متعین کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی کے تاریخی ورثے کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے تاکہ قومی نشریاتی ادارہ تیزی سے بدلتے ہوئے میڈیا ماحول میں موثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نجی شعبے کے ساتھ اشتراک سے ادارے میں اصلاحات کے عمل کو تیز اور زیادہ موثر بنایا جا سکتا ہے جس سے پی ٹی وی نہ صرف ناظرین سے بہتر رابطہ قائم کرے گا بلکہ پائیدار اور دور اندیش نشریاتی مستقبل بھی یقینی بنائے گا۔

عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی وی کے ناظرین اور وزارت اطلاعات کی ٹیم کو ڈیجیٹلائزیشن اور ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر پاکستان کی جنریشن زی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نسل ملک کے روشن ماضی کو بہتر مستقبل سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے وزارت اطلاعات کے جاری منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انگریزی زبان کے نشریاتی چینلز کے فروغ اور تعارف پر کام جاری ہے جبکہ الجزیرہ جیسے عالمی میڈیا پلیٹ فارمز کے تجربات سے رہنمائی لیتے ہوئے پاکستان کے موقف کو بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں پیش کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم درست سمت پر گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ انگلش چینل ”پاکستان ٹی وی“ لانچ کیا ہے، ایسا پی ٹی وی بنانا ہے جس سے ہر پاکستانی کہہ سکے کہ یہ میرا ٹی وی ہے۔ انہوں نے کہا کہ براڈ کاسٹ میڈیا میں نیوز، انٹرٹینمنٹ اور سپورٹس کے شعبوں میں پی ٹی وی بانی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی کے ڈرامے آج بھی ذہنوں پر نقش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئیڈل کے ذریعے نوجوانوں کو ٹیلنٹ کا موقع فراہم کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ملکی وقار اور قومی مفاد سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ اصلاحات کا تسلسل پاکستان کی طویل المدتی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو چاہئے کہ وہ دیانت داری اور جذبے کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ ڈیجیٹلائزیشن، میڈیا کی جدت کاری اور قومی ترقی کے منصوبے آئندہ نسلوں کے لئے دیرپا فوائد یقینی بنا سکیں۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی وی کی 61 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پی ٹی وی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔