سفراء، بین الاقوامی شخصیات، کاروباری رہنمائوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کے اعزاز میں ساتویں گلوبل ایمبیسڈر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):سفراء، بین الاقوامی شخصیات، کاروباری رہنمائوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کے اعزاز میں ساتویں گلوبل ایمبیسڈر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی ڈپلومیٹک ان سائٹ گروپ (ڈی آئی جی) نے کی۔ تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور نجی و سرکاری شعبوں کی سرکردہ شخصیات کی پاکستان کے دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ میں شاندار …

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):سفراء، بین الاقوامی شخصیات، کاروباری رہنمائوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کے اعزاز میں ساتویں گلوبل ایمبیسڈر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی ڈپلومیٹک ان سائٹ گروپ (ڈی آئی جی) نے کی۔ تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور نجی و سرکاری شعبوں کی سرکردہ شخصیات کی پاکستان کے دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ میں شاندار خدمات کو سراہا گیا۔ 2014ء میں قائم ہونے والے گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈز کا مقصد ان افراد کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے جنہوں نے پاکستان کے سفارتی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان ایوارڈز کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ پاکستان کے عوام کی جانب سے پیش کیے جاتے ہیں جو ان شخصیات کے لیے قومی تشکر کی علامت ہیں جنہوں نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مکالمے، تعاون اور حسن سلوک کو فروغ دیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی قومی ورثہ و ثقافت کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت حذیفہ رحمان اور صدر پاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی تھے۔ اپنے خطاب میں ایس اے پی ایم حذیفہ رحمان نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں تعاون، امن، باہمی ربط اور خودمختاری کے احترام کے جذبے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان اپنی نوجوان آبادی کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور عوامی سفارتکاری کے ذریعے دنیا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔صدر پاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے تمام ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور سفارتکاری اور بین الاقوامی تعاون میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ایوارڈز کے کامیاب انعقاد پر ڈپلومیٹک ان سائٹ گروپ کی کوششوں کی تعریف کی۔

ڈپلومیٹک ان سائٹ گروپ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فرحت آصف نے گروپ کے سفر اور میڈیا، تحقیق اور مکالمے کے ذریعے عالمی رابطوں کے فروغ کے عزم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ ایوارڈز امن، رابطہ کاری، ترقی اور پاکستان کے دو طرفہ و کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ کے مشترکہ وژن کی نمائندگی کرتے ہیں اور عالمی سطح پر ملک کی نرم تصویر پیش کرتے ہیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ہائی کمشنر برونائی برائے پاکستان کمال باشاہ احمد، سفیر فن لینڈ ہانو رپاتی، سفیر لیبیا معمر عبدالمطلب، ہائی کمشنر روانڈا حریمینا فاتو، سفیر تاجکستان یوسف شریف زادہ، سفیر قازقستان (جنہیں ‘سال کے سفیر’ کا ایوارڈ بھی ملا) یرژان کیستافن، ناظم الامور سیسے دورصاف معاروفی، چین، امریکہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں،

سردار مسعود خان، ڈائریکٹر جنرل وزارتِ خارجہ اور سابق سفیر برائے نائجر، چاڈ و برکینا فاسو ڈاکٹر احمد علی سیروہی، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، اعزازی قونصل جنرل یمن کراچی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، کنٹری کوآرڈینیٹر ترک تعاون و رابطہ ایجنسی صالحہ تونا، چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون، ڈائریکٹر مہسن انڈسٹریز گوجرانوالہ انجینئر عمر محمود، چیئرمین جموں کشمیر سیلف ڈیٹرمنیشن موومنٹ انٹرنیشنل (JKSDMI) راجہ نجابت حسین اور بین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط عظیم اقبال شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کی ثقافتی وراثت کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔

گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈز اب اسلام آباد کے سفارتی کیلنڈر کا ایک نمایاں حصہ بن چکے ہیں جو پاکستان کے بین الاقوامی تعاون اور باہمی احترام کے عزم کی جھلک پیش کرتے ہیں۔ اس سال کی تقریب میں سفیروں، اعلیٰ سرکاری حکام، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں، ترقیاتی ماہرین، ماہرین تعلیم اور میڈیا کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔