اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):پاکستان کسٹمز نے گلگت بلتستان میں سوست ڈرائی پورٹ اور بیگیج سیکشن میں موبائل فونز، اسلحے کے پرزہ جات، شراب اور سور کے گوشت کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ۔پکڑی جانے والی اشیا کی مالیت تقریباً پندرہ کروڑ ستتر لاکھ روپے ہے ۔ ایف بی آر کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز …
پاکستان کسٹمز نے سوست ڈرائی پورٹ پر پندرہ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):پاکستان کسٹمز نے گلگت بلتستان میں سوست ڈرائی پورٹ اور بیگیج سیکشن میں موبائل فونز، اسلحے کے پرزہ جات، شراب اور سور کے گوشت کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ۔پکڑی جانے والی اشیا کی مالیت تقریباً پندرہ کروڑ ستتر لاکھ روپے ہے ۔
ایف بی آر کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز افسران نے چین سے درآمد کی گئی دو کھیپوں کی مکمل جانچ پڑتال کی۔ معائنے کے دوران کسٹمز نے ڈرائی پورٹ سے انسٹھ ہزار نوکیا 105 موبائل فونز بمعہ بیٹری، پانچ ہزار دو سو ادویات کے پیکٹ (وزن 318 کلوگرام)، تین ہزار سیلڈینافیل سائٹریات گولیاں، اور اسلحے کے مختلف پرزہ جات برآمد ہوئے ۔
بیگیج سیکشن میں ایک اور کاروائی کے دوران کسٹمز اہلکاروں نے 80 بوتلیں (کل20 لیٹر) شراب اور 40 کلوگرام سور کا گوشت قبضے میں لے لیا، جو خنجراب پاس کے ذریعے پاکستان کی درآمدی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لایا جا رہا تھا۔ کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت تحویل میں لئے گئے سامان پر عائد ہونے والی ڈیوٹیز اور ٹیکس کی رقم کا تخمینہ سات کروڑ پچاسی لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔یہ آپریشنز اسمگلنگ کے خاتمے، قومی محصولات کے تحفظ اور ممنوعہ اشیاء کی ملک میں داخلے کی روک تھام کے لیے ایف بی آر کے پر عزم ہونے کا مظہر ہیں۔








