اے این ایف نےپنجگور میں منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، 154.15 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نےپنجگور میں منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی،اے این ایف نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران منظم سمگلنگ نیٹ ورک کے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے 154.15 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔ اے این ایف پنجگور میں بین الاقوامی ڈرگ ٹریفکنگ تنظیم کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی،اے این ایف ٹیموں نے فوری …

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نےپنجگور میں منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی،اے این ایف نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران منظم سمگلنگ نیٹ ورک کے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے 154.15 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔

اے این ایف پنجگور میں بین الاقوامی ڈرگ ٹریفکنگ تنظیم کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی،اے این ایف ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گیس کنٹینر کو ایم 8 گوادر سی پیک روڈ پر روک کر تلاشی لی اور اس دوران 553.5 کلو گرام آئس اور 40 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی ۔قبضے میں لی گئی منشیات کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ میں 154.15 ملین ڈالر ہے ،منظم سمگلنگ نیٹ ورک کے 2 کارندے بھی گرفتار، مقدمات درج کر لئے گئے۔

بدنام زمانہ سمگلر علی جان کی سربراہی میں یہ گروہ افغانستان سے منشیات کو پنجگور سے تربت، گوادر اور پسنی کے راستے سمگل کرتا تھا۔یہ گروہ بھاری منشیات کو یمن، تنزانیہ اور دیگر ممالک تک سپیڈ بوٹس اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے سمگل کرتا تھا۔منشیات کو ایل پی جی گیس کنٹینر ٹرک میں چھپا کر پنجگور سے گوادر اور پھر بیرونِ ملک سمگل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

یہ کارروائی اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات کی روک تھام کے لئے خشکی پر کی جانے والی سب سےبڑی کارروائی میں سے ایک ہے۔ منشیات میں ملوث دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کےلئے کوششیں جاری ہیں۔زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا اے این ایف منظم ڈرگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لئے بھرپور کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔