این پی جی پی پروگرام نے ملک بھر میں 3 لاکھ 70 ہزار غریب گھرانوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ،وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے قومی غربت سے نجات پروگرام (این پی جی پی) کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام نے پاکستان کے غریب ترین اضلاع میں 3 لاکھ 70 ہزار گھرانوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالا ہے۔جمعرات کو یہاں اعلیٰ سطحی سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید عمران احمد …

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے قومی غربت سے نجات پروگرام (این پی جی پی) کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام نے پاکستان کے غریب ترین اضلاع میں 3 لاکھ 70 ہزار گھرانوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالا ہے۔جمعرات کو یہاں اعلیٰ سطحی سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ این پی جی پی نے ثابت کر دکھایا ہے کہ ٹھوس منصوبہ بندی اور مستقل مزاجی سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے، اس کامیاب ماڈل کو اسلامی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے ملک کے تمام غریب علاقوں تک پھیلائیں گے، آنے والے دنوں میں انتہائی غریب اور سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لئے خصوصی پروگرام کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے آٹھ سالہ دور میں حاصل ہونے والے نمایاں نتائج میں شامل ہیں کہ 80 فیصد گھرانے انتہائی غربت سے نکل آئے ہیں، ایک لاکھ 79 ہزار نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور خواتین کی معاشی خودمختاری میں 48 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 132.6 ملین ڈالر کے اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ 65 ہزار گھرانوں کو پیداواری اثاثے اور تربیت فراہم کی گئی، 3 لاکھ 4 ہزار بلاسود قرضے تقسیم کئے گئے اور 2 لاکھ 26 ہزار افراد کو روزگار سے متعلق ہنر کی تربیت دی گئی۔

بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (آئی ایف اے ڈی) کی کنٹری ڈائریکٹر مس فرنینڈا تھامس دا روشا نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں غربت کے خلاف جنگ کا ایک سنگ میل ہے، جو سماجی تحفظ کو معاشی ترقی سے مربوط کرتا ہے۔ گزشتہ چالیس سالوں سے آئی ایف اے ڈی حکومت پاکستان کا قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار رہا ہے۔

وزارت کے سیکرٹری نوید احمد شیخ نے کہا کہ کمیونٹی پر مبنی نقطہ نظر یہ ثابت کرتا ہے کہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ مواقع کی کمی غربت کی بنیادی وجہ ہے۔ این پی جی پی کی کامیابی کا راز خواتین کو معاشی دھارے میں لانا، ہنر اور مالیات تک رسائی کو یقینی بنانا اور روزگار کے مواقع سے روابط قائم کرنا ہے۔

مزید خبریں