الیسا ہیلی ویمنز پریمیئر لیگ نیلامی 2026میں دوسری بار نظر انداز، کوچز نے وجوہات بتا دیں

نئی دہلی۔28نومبر (اے پی پی):ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل)2026 کی نیلامی میں آسٹریلیا کی سٹار کرکٹر اور سابق کپتان الیسا ہیلی کو دوسری بار نظر انداز کرنے پر سب حیران رہ گئے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق ویمنز پریمیئر لیگ 2026 کی نیلامی میں آسٹریلیا کی وکٹ کیپر بیٹر الیسا ہیلی حیران کن طور پر بغیر بولی سے رہ گئیں۔ابتدائی 8 رکنی کھلاڑیوں کی فہرست میں ان کا نام سب …

نئی دہلی۔28نومبر (اے پی پی):ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل)2026 کی نیلامی میں آسٹریلیا کی سٹار کرکٹر اور سابق کپتان الیسا ہیلی کو دوسری بار نظر انداز کرنے پر سب حیران رہ گئے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق ویمنز پریمیئر لیگ 2026 کی نیلامی میں آسٹریلیا کی وکٹ کیپر بیٹر الیسا ہیلی حیران کن طور پر بغیر بولی سے رہ گئیں۔ابتدائی 8 رکنی کھلاڑیوں کی فہرست میں ان کا نام سب سے پہلے نکلا، مگر کسی فرنچائز نے دلچسپی ظاہر نہ کی۔

بعد ازاں تیز رفتار راؤنڈ کے دوران بھی کسی ٹیم نے انہیں اپنی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں کیا، جس سے ان کا نام دوبارہ نیلامی میں نہیں آیا۔نیلامی کے بعد مختلف ٹیموں کے کوچز نے ہیلی کو نہ خریدنے کی وجوہات بیان کیں۔ رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی اسسٹنٹ کوچ انیا شرب سول کے مطابق ٹیم کے کمبی نیشن میں ہیلی کے لیے جگہ نہیں بن پا رہی تھی۔ انہوں نے کہاہمارا ٹاپ آرڈر بہت مضبوط ہے اور جورجیا وول اضافی آف سپن آپشن میں ہیں۔ رچا گھوش پہلے ہی بطور وکٹ کیپر بیٹر ٹاپ فائیو میں موجود ہیں، اس لیے ہیلی کو لینا ہمارے لیے موزوں فیصلہ نہیں تھا۔

یو پی واریئرز کے ہیڈ کوچ ابھیشیک نائر نے کہا کہ محدود غیر ملکی سلاٹس کے باعث ٹیموں کے لیے انتخاب مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چار غیر ملکی کھلاڑیوں کی پابندی کے باعث ٹیمیں آل راؤنڈرز کو ترجیح دیتی ہیں۔ الیسا ہیلی جیسی کھلاڑی کا نہ بکنا یقینی طور پر حیران کن ہے، مگر یہی نظام ہے۔دوسری جانب دہلی کیپیٹلز کے ہیڈ کوچ جوناتھن بیٹی نے بتایا کہ ہیلی ان کی فہرست میں شامل تھیں، مگر ٹیم کے مجموعی توازن کو ترجیح دی گئی۔الیسا ہیلی، جنہیں یو پی واریئرز نے گزشتہ دو سیزنز میں 70 لاکھ روپے میں خریدا تھا، اس بار 50 لاکھ روپے کے بیس پرائس پر نیلامی میں آئیں۔

تاہم گزشتہ سیزن میں پاؤں کی انجری نے انہیں کھیلنے سے روکے رکھا۔ الیساہیلی اب تک 17 ڈبلیو پی ایل میچز میں 428 رنز بنا چکی ہیں، جبکہ حال ہی میں ڈبلیو بی بی ایل میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی فارم میں نظر آئی ہیں اور ورلڈ کپ کے دوران بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف مسلسل سنچریاں بھی سکور کیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ وکٹ کیپرز کی ڈیمانڈ موجود ہونے کے باوجود ٹیموں نے دیگر متبادل کھلاڑیوں کو ترجیح دی۔

گجرات جائنٹس نے بیتھ مونی کو برقرار رکھتے ہوئے یستیکا بھاٹیا پر 50 لاکھ خرچ کیے جبکہ دہلی کیپیٹلز نے ساؤتھ افریقاکی لیزل لی اور تانیا بھاٹیا کو مجموعی طور پر 60 لاکھ میں خریدا۔ یو پی واریئرز نے 10 لاکھ روپے میں ناتجربہ کار شپرا گری کو اپنا واحد وکٹ کیپر منتخب کیا۔

نیلامی میں دیگر معروف غیر ملکی کھلاڑی جیسے ہیتر نائٹ، الیس کیپسی، الانا کنگ، امندا جیڈ ویلنڈن، دارسی براؤن اور چماریا اتاپتوبھی بغیر بولی کے رہ گئیں۔اس مرتبہ سب سے زیادہ معاوضہ نیوزی لینڈ کی امیلیا کیر کو ملا، جنہیں ممبئی انڈینز نے 3 کروڑ روپے میں خریدا۔ ان کے بعد صوفی ڈیوائن (2 کروڑ، گجرات جائنٹس) اور آسٹریلیا کی میگ لیننگ (1.90 کروڑ، یو پی واریئرز) نمایاں رہیں۔

مزید خبریں