پیپلز پارٹی کی تاریخ، قربانی، جدوجہد اور عوامی خدمت سے عبارت ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب میں اراکین سینیٹ کے ہمراہ کیک کاٹا اور پارٹی قیادت، کارکنوں اور جیالوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے خاص طور پر بانی پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار رعلی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان …

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس میں منعقدہ تقریب میں اراکین سینیٹ کے ہمراہ کیک کاٹا اور پارٹی قیادت، کارکنوں اور جیالوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے خاص طور پر بانی پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار رعلی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ملک و قوم کے لیے ان کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا

۔پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے انقلابی وژن کے ساتھ رکھی جسے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جدوجہد، قربانیوں اور جمہوریت کے لیے ثابت قدمی سے مزید مضبوط بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ، قربانی، جدوجہد اور عوامی خدمت سے عبارت ہے اور اس کے شہداء کا مقام قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے صدر آصف علی زرداری کے مفاہمتی کردار، آئینی اصلاحات اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ان کی تاریخی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی سیاست کو استحکام، جمہوریت کو فروغ اور اداروں کو مضبوطی کی جانب گامزن کیا۔چیئرمین سینیٹ نے بلاول بھٹو زرداری کی متحرک، جدید اور نوجوانوں کے لیے امید افزاء قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے نوجوانوں کو نئی سمت، وژن اور سیاسی اعتماد دیا ہے، جو پارٹی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی عام عوام، مزدوروں، محنت کشوں، کسانوں، خواتین اور اقلیتوں کی نمائندہ جماعت ہے اور اس جماعت نے قربانیاں دے کر جمہوریت کے فروغ اور آئینی اصلاحات پیش کیں۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی لازوال قربانیاں ہیں اور یہ ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے کارکنوں اور جیالوں کے ساتھ ساتھ لیڈر شپ نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قیادت اور کارکنوں کو پیپلزپارٹی کے یوم تا سیس کے موقع پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی حقوق، وفاق کی مضبوطی، جمہوری اقدار اور سماجی انصاف کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔اس پارٹی کی جدوجہد نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک منفرد اور ناقابل فراموش باب رقم کیا ہے۔آخر میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو وطن عزیز کی ترقی، جمہوری استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے مزید کامیابیاں عطا کرے۔

تقریب میں اراکین سینیٹ شیری رحمان، سید وقار مہدی، اشرف علی جتوئی، بلال احمد خان، دوست علی جیسر، حسنہ بانو، جام سیف اللہ خان،ندیم احمد بھٹو، پونجوبھیل،روبینہ قائم خانی، سرمد علی، شہادت اعوان، سید کاظم علی شاہ، سیدمسرور احسن،ضمیر حسین گھمرو و دیگر شامل تھے۔