واشنگٹن۔2دسمبر (اے پی پی):امریکا نے کہا ہے کہ اسرائیل کے مسلسل حملے شام میں عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں اور اسرائیل اور شام کے درمیان ممکنہ سکیورٹی معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں ۔العربیہ نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق امریکی انتظامیہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن …
اسرائیل کے مسلسل حملے شام میں عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں ، امریکا

مزید خبریں
واشنگٹن۔2دسمبر (اے پی پی):امریکا نے کہا ہے کہ اسرائیل کے مسلسل حملے شام میں عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں اور اسرائیل اور شام کے درمیان ممکنہ سکیورٹی معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں ۔العربیہ نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق امریکی انتظامیہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہوسے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں حملے روکیں کیونکہ اگر وہ ایسا ہی کرتے رہے تو خود اپنا سیاسی نقصان کریں گے اور ایک بڑا سفارتی موقع گنوا بیٹھیں گے ۔
امریکی انتظامیہ نے اس اندیشے کا اظہار کیا ہے کہ شام میں اسرائیل کے مسلسل حملے ملک کے عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں اور اسرائیل اور شام کے درمیان ممکنہ سکیورٹی معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔امریکی حکام نے مزید بتایا کہ گزشتہ جمعے کو شام کے جنوبی قصبے بیت جن میں ہونے والی اسرائیلی کارروائی کے بارے میں امریکا کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ شام کے لئے امریکا کے خصوصی مندوب ٹام باراک اور ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر اہلکاروں نے اسرائیلی ہم منصبوں کے ساتھ شام کے حوالے سے سخت اور کشیدہ ماحول میں بات چیت کی ہے۔امریکی حکام نے مزید بتایا کہ انہوں نے شام کے حکام کے ساتھ بھی رابطے کیے تاکہ مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔
گزشتہ جمعے کی صبح اسرائیلی بمباری نے جنوبی شام کے علاقے بیت جن کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 13 افراد شہید اور 13 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئےتھے۔شام کی وزارت خارجہ کے تزویراتی امور کے محقق عبیدہ غضبان نے بتایا کہ8 دسمبر 2024 کو بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے اب تک اسرائیل شام پر ایک ہزار سے زیادہ فضائی حملے کر چکا ہے۔ امریکا کی ثالثی میں شام اور اسرائیل کے حکام کے درمیان مذاکرات کے چھ دور ہو چکے ہیں تاہم ستمبر 2025 کے بعد سے یہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ اسرائیل نے صدر احمد الشراع کی قیادت میں شام کی نئی حکومت پر گہرے عدم اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ جنوب شام کو غیر مسلح ہونا چاہیے۔








