نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اور ٹیچ فار پاکستان، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں ٹیچ فار پاکستان اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے ساتھ دو مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، ان معاہدوں کا مقصد تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی، تحقیق، اور معاشرتی بہتری کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ نمل اور ٹیچ فار پاکستان کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت ٹیچ فار پاکستان، نمل …

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں ٹیچ فار پاکستان اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے ساتھ دو مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، ان معاہدوں کا مقصد تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی، تحقیق، اور معاشرتی بہتری کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

نمل اور ٹیچ فار پاکستان کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت ٹیچ فار پاکستان، نمل کے طلبہ کو فیلوشپ، انٹرن شپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ ٹیچ فار پاکستان، نمل میں کیرئیر ڈویلپمنٹ، پروفیشنل سکلز ورکشاپس اور آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کرے گا۔ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر اور ہیڈ آف ڈویلپمنٹ اینڈ پارٹنرشپ (ٹیچ فار پاکستان) محمد عزیر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ریٹائرڈ) شاہد محمود کیانی نے معاہدے پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کو طلبہ اور دونوں اداروں کے لیے سود مند قرار دیا۔

انہوں نے ٹی ایف پی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں مثبت نتائج کی امید ظاہر کی۔نمل اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے مابین ایک اور مفاہمتی معاہدہ بھی طے پایا۔اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے دماغی و عوامی صحت کے شعبے میں مشترکہ تحقیقی مرکز کے قیام پر متفق ہوئے، جس کا مقصد بین الاداراتی تعاون، تحقیقی وسائل کا تبادلہ اور صحت کے چیلنجز کے لیے ٹھوس حل فراہم کرنا ہے۔

بریگیڈیئر شہزاد منیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریسرچ ڈویلپمنٹ (پی آئی ایل ایل) نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔معاہدے کے مطابق نمل اور پی آئی ایل ایل دماغی صحت سے متعلق آگاہی مہمات، تعلیمی سیشنز، کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرامز اور سکول سطح پر ذہنی و جسمانی صحت سے متعلق سیشنز منعقد کریں گے۔مزید برآں دونوں ادارے مقامی سطح پر دماغی صحت کے مسائل پر تحقیق کو فروغ دیں گے تاکہ معاشرتی بہتری اور عوامی فلاح میں کردار ادا کیا جا سکے۔