اسلام آباد، درخواست گزار کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ ٹیسٹ آفیسر نے دوسرے درخواست گزار کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کی کوشش کرنے والے شخص کو پکڑ کر قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ایک اہلکار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ واقعہ شکرپڑیاں ڈرائیونگ ٹیسٹ سینٹر پر پیش آیا …

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ ٹیسٹ آفیسر نے دوسرے درخواست گزار کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کی کوشش کرنے والے شخص کو پکڑ کر قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ایک اہلکار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ واقعہ شکرپڑیاں ڈرائیونگ ٹیسٹ سینٹر پر پیش آیا جہاں اے ایس آئی اعظم سلیم نے دیکھا کہ ٹیسٹ دینے والا نوجوان جمع کرائے گئے فارم پر موجود تصویر سے مطابقت نہیں رکھتا۔

پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے پہلے دعویٰ کیا کہ وہ تصوّر حسین ہے، جس کا نام فارم پر درج تھا تاہم بعد میں اس نے اپنا اصل نام صفیر اقبال بتایا جو سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن کا رہائشی ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ تصوّر حسین کو گاڑی چلانا نہیں آتی، اس لیے وہ اس کی جگہ ٹیسٹ دینے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس نے ڈرائیونگ ٹیسٹ فارم کو بطور ثبوت ضبط کر لیا۔

اس عمل کو حکام کو دھوکہ دینے کی دانستہ کوشش قرار دیا گیا جو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 417 اور 419 کے تحت قابل سزا ہے۔ملزم کو حراست میں لے لیا گیا اور کیس فائل آبپارہ پولیس سٹیشن بھجوا دی گئی جہاں ایف آئی آر درج کی گئی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا کہ لائسنسنگ کے عمل میں جعل سازی یا کسی کی جگہ ٹیسٹ دینے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔