کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی کی سربراہی میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی کی سربراہی میں ایک باوقار دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں ممتاز صحافی خالد شبیر کی والدہ ، سینئر صحافی عبدالعزیز کی والدہ اور مہاجر کیمپ کے صدر چوہدری عبد الحمید کی وفات پر اجتماعی طور پر تعزیت پیش کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد …

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی کی سربراہی میں ایک باوقار دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں ممتاز صحافی خالد شبیر کی والدہ ، سینئر صحافی عبدالعزیز کی والدہ اور مہاجر کیمپ کے صدر چوہدری عبد الحمید کی وفات پر اجتماعی طور پر تعزیت پیش کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے فلسفہ موت و حیات اور انسانی زندگی کی حقیقی معنویت پر نہایت جامع اور روح پرور گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ موت انسان کے اس ابدی سفر کا آغاز ہے جو اسے اپنے رب کے حضور لے جاتا ہے اور یہی حقیقت انسان کو دنیا میں ذمہ داری، خیرخواہی، خدمتِ خلق اور بلند اخلاق کی طرف متوجہ کرتی ہے۔ انہوں نے تینوں مرحومین کے حوالے سے کہا کہ ان کی دینی وابستگی، سادگی، حسنِ اخلاق اور خدمتِ خلق ان کے لئے دائمی صدقہ جاریہ کا درجہ رکھتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر تینوں مرحومین کے لئے درجات کی بلندی، جنت الفردوس میں مقام، مغفرت، ایصالِ ثواب اور ان کے لواحقین کے لئے صبرِ جمیل اور حوصلہ کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

دعا میں ارضِ کشمیر اور مہاجر کیمپوں میں بسنے والے تمام مصیبت زدہ خاندانوں کے لئے بھی خیر و عافیت کی دعا کی گئی۔حریت قائدین نے اس موقع پر کہا کہ ہم صحافی خالد شبیر، صحافی عبدالعزیز اور مرحوم چوہدری عبد الحمید کے اہلِخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے خاندانوں کے لئے بڑا سانحہ ہے بلکہ ہمارے سماج، تحریکی ورثے اور اجتماعی شعور کے لئے بھی ناقابلِ تلافی نقصان ہے، ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ تینوں مرحومین کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر و ثبات عطا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دکھ اور آزمائش کے ان دنوں میں حریت قیادت صحافی برادری اور مہاجر کیمپوں کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان تمام خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جن پر یہ صدمہ گزرا۔آخر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے دعا کی کہ اللہ رب العزت کشمیر کے مظلوم عوام اور مہاجرینِ کشمیر پر اپنا رحم و کرم نازل فرمائے، ان کی مشکلات آسان کرے اور انہیں امن، وقار اور سلامتی سے نوازے۔

تقریب میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد،حاجی محمد سلطان ،شیخ محمد یعقوب ،سید اعجاز رحمانی ،راجہ شاہین، ،زاہد اشرف، امتیاز وانی،عدیل مشتاق ،ظہور احمد، عمر بٹ،سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔