نوجوان نسل میں ایمانداری اور جوابدہی کا شعور اجاگر کرنا قومی ذمہ داری ہے، چیئرمین نیب

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) ہیڈکوارٹر میں جمعرات کو پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے لیے خصوصی تعارفی اور معلوماتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں ایمانداری، دیانت اور جوابدہی کا شعور پیدا کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہماری امید ہیں، آپ نے …

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) ہیڈکوارٹر میں جمعرات کو پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے لیے خصوصی تعارفی اور معلوماتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں ایمانداری، دیانت اور جوابدہی کا شعور پیدا کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہماری امید ہیں، آپ نے اپنے آپ کو کبھی اکیلا نہیں سمجھنا، ہماری آئندہ کی قیادت آپ ہی میں سے ابھرے گی۔ترجمان کے مطابق تقریب میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادر شاہ، نیب ہیڈکوارٹر کے ڈی جیز اور سینئر افسران بھی شریک تھے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان (ہلال امتیاز) نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ بچوں نے گزشتہ روز نیب راولپنڈی کی جانب سے منعقدہ انسداد بدعنوانی آگاہی واک میں بھرپور حصہ لیا تھا جس کی تعریف تقریب میں بارہا کی گئی۔چیئرمین نیب نے اپنے خطاب میں بچوں کے جذبے، نظم و ضبط اور انسداد بدعنوانی مہم میں فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کی آمد سے نیب کا آڈیٹوریم پہلے سے زیادہ خوبصورت لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف ہفتہ وار آگاہی مہم ان بچوں کو شامل کیے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی تھی۔ سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ واک میں ان کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔

تقریب میں بچوں کے ساتھ سوال و جواب کا سلسلہ، تعارفی گفتگو اور ان کی عزت افزائی کے لیے خصوصی چائے کا بھی انتظام کیا گیا۔ چیئرمین نیب نے بچوں کو تعلیم میں محنت، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور مثبت کردار اپنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور مضبوط معاشی ملک بنانے میں بنیادی کردار ادا کریں گے۔

سی ای او پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان (ہلال امتیاز) نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں پاکستان سویٹ ہومز کے ذریعے ایک اہم مشن عطا کیا ہے جہاں یتیم بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ بچے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت بنیں گے۔آخر میں چیئرمین نیب بچوں میں گھل مل گئے اور انہیں تحائف بھی پیش کیے۔