پشاور۔ 15 دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حالیہ تقریر زمینی حقائق کے منافی تھی اور اس میں صوبے کو درپیش اصل مسائل کو نظرانداز کیا گیا۔اپنے بیان میں امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جان بوجھ کر صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال اور صحت کے سنگین بحران پر بات …
وزیر اعلیٰ پنجاب پر ذاتی حملے سیاسی ناکامی کا اعتراف ہیں، امیر مقام

مزید خبریں
پشاور۔ 15 دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حالیہ تقریر زمینی حقائق کے منافی تھی اور اس میں صوبے کو درپیش اصل مسائل کو نظرانداز کیا گیا۔اپنے بیان میں امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جان بوجھ کر صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال اور صحت کے سنگین بحران پر بات کرنے سے گریز کیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کا نظامِ صحت شدید دباؤ کا شکار ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے مسلسل زیرو کرپشن کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں، مگر اس کے باوجود بی آر ٹی اور صحت کارڈ جیسے بڑے سکینڈل منظرعام پر آ چکے ہیں۔
بلین ٹری، گندم اور دیگر متعدد سکینڈلز بھی نیب اور عدالتی رپورٹس کا حصہ ہیں، جو حکومتی دعوؤں پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔مسلم لیگی رہنما نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی خیبرپختونخوا میں سب کچھ شفاف ہے تو پھر صوبے کا نوجوان روزگار کی تلاش میں دربدر کیوں پھر رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور بدحالی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومتی بیانیہ حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ مریم نواز ایک آئینی اور عوامی مینڈیٹ سے منتخب وزیرِ اعلیٰ ہیں اور ان پر ذاتی نوعیت کے حملے دراصل سیاسی ناکامی کا اعتراف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب نعروں، کھوکھلے وعدوں اور دھمکیوں کی سیاست سے آگے بڑھ چکے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کو بلیک میل کرنے کی سیاست اب کامیاب نہیں ہو سکتی اور عوام اصل کارکردگی اور زمینی حقائق کی بنیاد پر فیصلے کریں گے۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی تقریر حقیقت کے بجائے فریب پر مبنی تھی، جسے عوام بخوبی سمجھ چکے ہیں۔








