محفوظ، منظم طریقے سے بیرون ملک روزگار کیلئے کاوشیں کرنا حکومتِ پاکستان کی ترجیح ہے، چوہدری سالک حسین

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ محفوظ، منظم طریقے سے بیرون ملک روزگار کیلئے کاوشیں کرنا حکومتِ پاکستان کی ترجیح ہے،  مہاجرین عالمی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مہاجرین کے …

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ محفوظ، منظم طریقے سے بیرون ملک روزگار کیلئے کاوشیں کرنا حکومتِ پاکستان کی ترجیح ہے،  مہاجرین عالمی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مہاجرین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ترسیلاتِ زر سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، رواں سال 7 لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کے لیے بیرونِ ملک گئے۔  حکومت پاکستان کی جانب سے مہاجرین کے تحفظ اور حقوق کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز سے پاکستانیوں کی بیرونِ ملک ملازمت کےبہتر مواقع مل سکتے ہیں، نیشنل اسکلز پاسپورٹ سے بیرونِ ملک ملازمت میں سہولت مل رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے بیرون ممالک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانیوں کو ائیرپورٹس پر آف لوڈ کرنے کے واقعات سامنےآئے، وزارت داخلہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز میں اس حوالے سے اعلیٰ سطح پر اجلاس ہوئے جس میں وزیر داخلہ نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس معاملے پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، امید ہے جنوری تک روزگار  کیلئے بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کے ائیرپورٹس پر آف لوڈنگ کے واقعات کا تدارک کر لیا جائے گا، تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر ایسے واقعات روکنے کیلئے ایس او پیز بنا رہے ہیں۔