کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر پاکستان شاخ کے دفتر میں تحریکِ آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما بشیر احمد گوہر کی وفات پر دعائیہ تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر پاکستان شاخ کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں تحریکِ آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما بشیر احمد گوہر کی وفات پر ایک پُروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق تقریب میں حریت قیادت اور دیگر افراد نے شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت و بلندی درجات کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دعائیہ …

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر پاکستان شاخ کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں تحریکِ آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما بشیر احمد گوہر کی وفات پر ایک پُروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق تقریب میں حریت قیادت اور دیگر افراد نے شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت و بلندی درجات کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنوینئر غلام محمد صفی نے بشیر احمد گوہر کی تحریکِ آزادی کشمیر اور تحریکِ اسلامی کے لئے طویل، بے لوث اور تاریخی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی حقِ خودارادیت، دینی اقدار اور مظلوم کشمیری عوام کے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

بشیر احمد گوہر کی قربانیاں، فکری استقامت اور اصولی مؤقف آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ رہیں گے۔ غلام محمد صفی نے مرحوم کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر ایک مخلص، نڈر اور نظریاتی رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مرحوم کے مشن اور جدوجہد کو ہر قیمت پر آگے بڑھایا جائے گا اور کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد اس کی منطقی تکمیل تک جاری رہے گی۔ کنوینئر نے اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے مرحوم کے اہلِخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حریت قیادت اور کارکنان اس کڑے وقت میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم بشیر احمد گوہر کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف کرے، درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازے۔ غلام محمد صفی اور دیگر حریت قائدین نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ وہ مرحوم کے اہلِخانہ اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے، اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق دے اور تحریکِ آزادی کشمیر کو مرحوم کی قربانیوں کے صدقے مزید استقامت اور کامیابی عطا کرے۔

تقریب میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد ،سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،میڈم شمیم شال، نثار مرزا،سید اعجاز رحمانی ، جاوید جہانگیر ،زاہد اشرف،زاہد صفی،شیخ عبد الماجد ،ظہور احمد اور دیگر افراد نے شرکت کی۔