ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.24 فیصد ، سالانہ بنیادوں پر 3.75 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.24 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3.75 فیصد اضافہ ریکا رڈ کیا گیا ہے۔ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 18 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں قیمتوں کا حساس اشاریہ 336.53 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ …

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.24 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3.75 فیصد اضافہ ریکا رڈ کیا گیا ہے۔ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 18 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں قیمتوں کا حساس اشاریہ 336.53 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ میں 335.73 پوائنٹس اور گزشتہ سال 19 دسمبر کو 324.38 پوائنٹس تھا۔ ہفتہ کے دوران 14 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکا م رہا،اس کے برعکس 17اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹرکی قیمت میں 11.38 فیصد،آلو8.39 فیصد،ڈیزل 5 فیصد،چینی 4.52 فیصد،پیاز3.52 فیصد،دال ماش 1.29 فیصد،لہسن 1.26 فیصد،نمک 1.12 فیصد،گڑ 1.05 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.14 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 11.11 فیصد،سرخ مرچ پائوڈر 3.08 فیصد،انڈے 2.88 فیصد،شرٹنگ 1.64 فیصد،جلانے کی لکڑی 0.86 فیصد،5 لیٹر کوکنگ آئل 0.32 فیصد،انرجی سیور0.31 فیصد،دال مونگ 0.31 فیصد،سرسوں کا تیل 0.25 فیصد اور بیف کی قیمت میں 0.23 فیصد کا اضافہ ہوا۔

17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.07 فیصد کا اضافہ ہوا، 17733 روپے سے لیکر 22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر 29517 روپے،29518 روپے سے لیکر 44175 روپے اور اس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.14 فیصد،0.18 فیصد،0.24 فیصد اور 0.28 فیصد کا اضافہ ہوا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپر کیا جاتاہے۔