اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے محتاط اور مارکیٹ پر مبنی مالیات کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پہلا پانڈا بانڈ پاکستان کے درمیانی مدت کے قرضہ جاتی استحکام کو مزید مضبوط بنانے اور مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں وزارت خزانہ میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا …
پہلا پانڈا بانڈ پاکستان کے درمیانی مدت کے قرضہ جاتی استحکام کو مزید مضبوط بنانے ، مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع لانے میں اہم کردار ادا کرے گا، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے محتاط اور مارکیٹ پر مبنی مالیات کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پہلا پانڈا بانڈ پاکستان کے درمیانی مدت کے قرضہ جاتی استحکام کو مزید مضبوط بنانے اور مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں وزارت خزانہ میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں اس حوالہ سے ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزارتِ خزانہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کی ٹیم اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے وزیرِ خزانہ کو مختلف منظوریوں، سرمایہ کاروں سے روابط اور ضابطہ جاتی (ریگولیٹری) مراحل کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کثیرالجہتی شراکت داروں سے ضروری منظوریوں کا حصول مکمل ہو چکا ہے اور چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے مثبت اور تعمیری رہے ہیں۔
اجلاس میں بتایاگیاکہ سرمایہ کاروں کا مجموعی رجحان واعتماد خاص طور پر مضبوط اور نہایت حوصلہ افزا پایا گیا جہاں متنوع سرمایہ کاروں نے پہلے اور مسابقتی اجرا میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی اور مثبت آرا دیں، یہ رجحان پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام، بہتر پالیسی اور اصلاحاتی فریم ورک اور درمیانی مدت کے حوالے سے مثبت معاشی منظرنامے پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کررہاہے۔ متعلقہ چینی حکام سے حتمی ریگولیٹری منظوریوں کی توقع جنوری کے اوائل میں کی جا رہی ہے جس کے بعد پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کو جنوری ہی میں لانچ کر کے مکمل کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ وزیرِ خزانہ نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے چینی آن شور بانڈ مارکیٹ میں شمولیت ایک منظم اور پروگرام پرمبنی فنانسنگ حکمتِ عملی کے تحت کی جا رہی ہے جو محتاط قرضہ جاتی نظم و نسق کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر کے مساوی رکھا گیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں تقریباً 250 ملین امریکی ڈالر کے مساوی بانڈ کے اجرا کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ”پانڈا سیریز ٹو“ کے تحت آئندہ اجرا کے لئے تیاری کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے اور اس مرحلہ وار حکمتِ عملی سے چینی ریگولیٹری حکام کو مکمل طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کے شرکانے نشاندہی کی کہ موجودہ مارکیٹ حالات موافق ہیں، سرمایہ کاروں کی وسیع بنیاد سے دلچسپی برقرار ہے اور مارکیٹ کی کارکردگی منظم انداز میں جاری ہے۔
ضروری دستاویزات اور ضمانتیں اپنی جگہ موجود ہیں جبکہ مالیاتی اداروں کے ساتھ روابط منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ پانڈا سیریز ٹو کے لئے مالیاتی اداروں کے ساتھ ابتدائی سطح پر رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں جن کی تجاویز پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کے اختتام کے قریب موصول ہونے کی توقع ہے۔
بانڈ کی قیمتوں کا تعین تمام ریگولیٹری تقاضے مکمل ہونے کے بعد مارکیٹ سے عملی رابطے کے مرحلے میں کیا جائے گا۔ وزیرِ خزانہ نے اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور محتاط، مارکیٹ پر مبنی فنانسنگ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلا پانڈا بانڈ پاکستان کے درمیانی مدت کے قرضہ جاتی استحکام کو مزید مضبوط بنانے اور مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








