اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزادنے کہاہے کہ ملک میں صنعتی پیداوارمیں اضافہ سے معاشی بحالی کے دائرہ کارمیں توسیع کی عکاسی ہورہی ہے۔ جمعہ کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر 2025ء) کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 5.0 فیصد اضافہ ہواہے جو اس بات …
صنعتی پیداوارمیں اضافہ سے معاشی بحالی کے دائرہ کارمیں توسیع کی عکاسی ہورہی ہے ، خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزادنے کہاہے کہ ملک میں صنعتی پیداوارمیں اضافہ سے معاشی بحالی کے دائرہ کارمیں توسیع کی عکاسی ہورہی ہے۔ جمعہ کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر 2025ء) کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 5.0 فیصد اضافہ ہواہے جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ معاشی بحالی کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے اور یہ رجحان بتدریج زیادہ پائیدار بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جاری مالی سال کیلئے صنعتی نمو کا ہدف 4.3 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صنعتی پیداواراورسرگرمیوں سے اس امر کی نشاندہی ہورہی ہے اورکلی معیشت کااستحکام اب حقیقی معیشت (ریئل سیکٹر) میں نمو کی صورت اختیار کر رہا ہے۔خرم شہزادنے کہاکہ مہنگائی میں کمی، مالیاتی حالات میں بہتری اور توانائی و خام مال سے متعلق دبائو میں بتدریج نرمی کے باعث صنعت کار اب استعداد وصلاحیت کابہتراستعمال ، ری سٹاکنگ اور توسیعی سرگرمیوں کے نئے مرحلے کا مشاہدہ کر رہے ہیں اوراس سے مستفید ہورہے ہیں۔
اکتوبر میں آٹوموبائلز، پیٹرولیم مصنوعات، ملبوسات، تعمیرات سے وابستہ صنعتوں، مشروبات اور برقی آلات کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے اس بات کی عکاسی ہورہی ہے صارفین کی طلب کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری سے جڑی سرگرمیوں میں بھی تیزی آرہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر اس رجحان سے پاکستان میں سرمایہ کاری، صنعتی توسیع اور معاشی ترقی کے حوالے سے ایک مثبت منظرنامے کی عکاسی ہورہی ہے جہاں استحکام، طلب اور اعتماد بتدریج ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہوتے جا رہے ہیں۔








