شہید بینظیرآباد۔19دسمبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بختاور کیڈٹ کالج برائے طالبات میں بطور مہمان خصوصی پانچویں پاسنگ آؤٹ پریڈ اور سالانہ والدین ڈے کی تقریب میں شرکت کی۔خاتونِ اوّل نے کالج کے نو تعمیر شدہ جمنازیم اور سوئمنگ پول کا افتتاح کیا، شجرکاری کی تقریب میں حصہ لیا اور ’’آرٹ اینڈ سائنس نمائش 2025-26‘‘ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں …
خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی بختاور کیڈٹ کالج برائے طالبات میں بطور مہمان خصوصی پانچویں پاسنگ آؤٹ پریڈ اور سالانہ والدین ڈے کی تقریب میں شرکت

مزید خبریں
شہید بینظیرآباد۔19دسمبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بختاور کیڈٹ کالج برائے طالبات میں بطور مہمان خصوصی پانچویں پاسنگ آؤٹ پریڈ اور سالانہ والدین ڈے کی تقریب میں شرکت کی۔خاتونِ اوّل نے کالج کے نو تعمیر شدہ جمنازیم اور سوئمنگ پول کا افتتاح کیا، شجرکاری کی تقریب میں حصہ لیا اور ’’آرٹ اینڈ سائنس نمائش 2025-26‘‘ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، کالج کی فیکلٹی سے ملاقات کی اور کیڈٹس و والدین سے خطاب کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطاب میں بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کالج کے تاریخی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے جو تعلیم، نظم و ضبط اور قیادت کی تربیت کے ذریعے نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے قائم کیا گیا۔

انہوں نے کیڈٹس کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور حکومتِ سندھ کی سرپرستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان مشترکہ کوششوں نے بختاور کیڈٹ کالج برائے طالبات کو ایک ایسا ادارہ بنا دیا ہے جو بااعتماد، منظم اور عالمی معیار کے نوجوان رہنما تیار کر رہا ہے۔نمایاں خواتین رہنماؤں کی وراثت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کیڈٹس کو محترمہ فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مثال یاد دلائی اور زور دیا کہ لڑکیوں کی تعلیم اور قیادت پاکستان کے مستقبل کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ نظم و ضبط، احترام اور ثابت قدمی کی اقدار کو اپنی ہر کوشش میں اپنائیں اور ہمیشہ اپنے خاندان اور وطن کی عزت برقرار رکھیں۔
خاتونِ اوّل نے کیڈٹس میں کالج کریسٹ اور انعامات بھی تقسیم کئے جبکہ مارچ پاسٹ، پی ٹی اور جمناسٹک مظاہرے اور کراٹے شو بھی دیکھے۔2017 میں قائم ہونے والا بختاور کیڈٹ کالج برائے طالبات، پاکستان ایئر فورس کے انتظام اور حکومتِ سندھ کی معاونت سے چلایا جا رہا ہے،اس وقت کالج میں ملک بھر سے 423 کیڈٹس زیرِ تعلیم ہیں۔ کالج میں سمارٹ کلاس رومز، سائنس و کمپیوٹر لیبارٹریز، ڈیجیٹل لائبریری، جمنازیم، سوئمنگ پول، کھیلوں کے میدان اور مکمل رہائشی سہولیات سمیت جدید سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
کیڈٹس نے تعلیمی، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جو مستقبل کے رہنماؤں کی تیاری کے کالج کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔کالج کے وزیٹرز بُک میں بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی تحریر میں کہا کہ بختاور کیڈٹ کالج کا دورہ کرنا باعثِ اعزاز ہے، ہمیں اس ادارے کے قیام کے وژن پر صدر آصف علی زرداری کی قدر کرنی چاہئے، اللہ کرے یہ باصلاحیت کیڈٹس زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہوں،
پاکستان کی خدمت کریں اور اپنے وطن کا نام روشن کریں۔بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی شرکت نے نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کو مزید اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، نظم و ضبط اور قیادت پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔








