کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کا دورہ بنگلہ دیش ، یو جی سی کے چیئرمین اور بنگلہ دیش کی ممتاز سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز سے ملاقاتیں

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک)نے بنگلہ دیش کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور جامعات کی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے حالیہ دورہ بنگلہ دیش کے دوران انہوں نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) …

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک)نے بنگلہ دیش کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور جامعات کی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے حالیہ دورہ بنگلہ دیش کے دوران انہوں نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیئرمین اور بنگلہ دیش کی ممتاز سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں اعلیٰ تعلیم کے معیار، تحقیق کے فروغ اور بین الاقوامی درجہ بندی میں بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جامعات میں معیار پر مبنی نظام کے فروغ کے لئے کامسٹیک کے تجربات اور مہارت سے آگاہ کیا اور ’’یونیورسٹیوں کی اعلیٰ عالمی درجہ بندی کے حصول‘‘ کے عنوان سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔اس ورکشاپ میں پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تعلق رکھنے والے دو ممتاز ماہرین محمد رضا چوہان (ایڈوائزر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ) اور ڈاکٹر ناصر شاہ (ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس)نے بطور ریسورس پرسن شرکت کی۔ تربیتی پروگرام کا عنوان ’’یونیورسٹیوں کی اعلیٰ درجہ بندی کے لئے بنیاد اور کوالٹی ایشورنس‘‘رکھا گیا۔یہ سٹریٹجک اقدام پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی قیادت اور وژن کے تحت عمل میں آیا جو او آئی سی کے رکن ممالک میں تعلیمی معیار اور تحقیقی برتری کے فروغ پر مسلسل زور دیتے رہے ہیں۔

 

تربیتی پروگرام کا انعقاد بنگلہ دیش کے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے سینئر نمائندگان، سرکاری و نجی جامعات کے اساتذہ، محققین، رینکنگ اور ایکریڈیٹیشن کے ماہرین اور اعلیٰ تعلیمی اصلاحات سے وابستہ پالیسی سازوں کے اشتراک سے کیا گیا۔ اس پروگرام کی میزبانی نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی نے کی جس کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے بطور او آئی سی۔کامسٹیک فوکل پرسن بنگلہ دیش نمایاں کردار ادا کیا۔ورکشاپ کے دوران شرکاء کو بین الاقوامی درجہ بندی کے معیارات، اندرونی کوالٹی ایشورنس نظام کو مؤثر بنانے اور ادارہ جاتی بہتری کے لئے ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

اس اقدام سے بنگلہ دیشی جامعات کی تعلیمی کارکردگی، تحقیقی پیداوار اور عالمی سطح پر شناخت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔یہ پروگرام او آئی سی ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون، مہارت کے تبادلے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے معیار کو عالمی سطح پر ہم آہنگ کرنے کے لئے کامسٹیک کے عزم کا مظہر ہے۔