اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):عالمی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس نے بھارتی فضائی شعبے بالخصوص پائلٹس کی ذہنی صحت اور نفسیاتی اسکریننگ کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ بھارتی فضائیہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر پہلے ہی تنقید جاری تھی تاہم اب بھارتی سول ایوی ایشن بھی مبینہ غفلت اور ناقص نگرانی کے باعث عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے …
بھارتی پائلٹس کی ذہنی صحت پر عالمی سوالات، سول ایوی ایشن بھی تنقید کی زد میں

مزید خبریں
اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):عالمی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس نے بھارتی فضائی شعبے بالخصوص پائلٹس کی ذہنی صحت اور نفسیاتی اسکریننگ کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ بھارتی فضائیہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر پہلے ہی تنقید جاری تھی تاہم اب بھارتی سول ایوی ایشن بھی مبینہ غفلت اور ناقص نگرانی کے باعث عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ایوی ایشن میں پائلٹس کی نفسیاتی جانچ کے غیر مؤثر نظام اور بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ نے مسافروں کی سلامتی سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے۔ ناقدین کے مطابق شدید ذہنی دباؤ کے شکار پائلٹس کو پروازوں کی اجازت دینا سینکڑوں جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔حال ہی میں دہلی ایئرپورٹ پر پیش آنے والا ایک واقعہ بھی اسی تشویش کو تقویت دیتا ہے۔
بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ائیر انڈیا ایکسپریس کے ایک پائلٹ نے مبینہ طور پر بورڈنگ قطار توڑنے پر ایک مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مسافر خون آلود ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق پائلٹ کی شناخت وریندر سیجوال کے نام سے کی گئی ہے۔متاثرہ مسافر نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سڑکوں کے بعد اب ہوائی اڈوں پر بھی پُرتشدد رویے سامنے آ رہے ہیں، جو مجموعی سماجی اور ادارہ جاتی دباؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اسی طرح ماضی میں احمد آباد کے ایک فضائی حادثے سے قبل بھی ذہنی دباؤ کے شکار پائلٹ کو فلائٹ کلیئرنس دینے پر ایئر انڈیا کو شدید تنقید کا سامنا رہا۔ امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ حادثے کے وقت پائلٹس ڈپریشن اور ذہنی مسائل کا شکار تھے، تاہم اس حوالے سے بھارتی حکام کی جانب سے مختلف وضاحتیں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
دفاعی شعبے میں بھی بھارتی فضائی نظام کی کارکردگی سوالات کی زد میں رہی ہے۔ حالیہ دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی ساختہ تیجس طیارے کے حادثے کو پائلٹس کے تربیتی معیار سے جوڑا گیا۔ اس سے قبل مختلف مواقع پر انڈین ائیر فورس کی کارکردگی پر بھی تنقید سامنے آتی رہی ہے، معرکہِ حق میں بھی بھارتی فضائیہ بد ترین کارکردگی کی بدولت پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل طیارے گنوا کر ہزیمت اٹھا چکی ہے۔نااہل بھارتی فضائیہ کے بعد سول ایوی ایشن کے ذہنی بیمارعملہ نے ایک دفعہ پھر بھارت کو عالمی رسوائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔








