کوئٹہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تسلی بخش، بلوچستان ہائی کورٹ نے عملدرآمد تیز کرنے کا حکم دیدیا

کوئٹہ۔ 22 دسمبر (اے پی پی):بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ شہر کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آئینی درخواست نمبر 824/2016 کی سماعت کے دوران مختلف منصوبوں پر جاری کام کی پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔ پیر کے روز چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کی سربراہی میں ڈویژنل …

کوئٹہ۔ 22 دسمبر (اے پی پی):بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ شہر کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آئینی درخواست نمبر 824/2016 کی سماعت کے دوران مختلف منصوبوں پر جاری کام کی پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔

پیر کے روز چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کی سربراہی میں ڈویژنل بینچ نے درخواست گزار سید نذیرآغا ایڈووکیٹ کی آئینی درخواست پر سماعت کے دوران چیف منسٹر پیکج برائے کوئٹہ ڈویلپمنٹ ( سی ایم پی کیو ڈی) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے انسکمب روڈ، زرغون روڈ، سریاب سروس روڈ اور اسٹارم واٹر ڈرین منصوبوں پر پیش رفت رپورٹ پیش کی ،عدالت کوبتایاگیاکہ اسٹارم واٹر ڈرین کا 98 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ سریاب سروس روڈ پر اسفالٹ بیس کورس کا کام تیزی سے جاری ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ایئرپورٹ روڈ پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ آزمائشی بنیادوں پر نصب کیا جاچکا ہے اور اسے سولر انرجی کے ذریعے فعال کرنے کا عمل جاری ہے، جس کے بعد پلانٹ کو جلد فعال کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ شہر میں مزید چار مقامات پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔سماعت کے دوران میتھوڈسٹ چرچ کے اطراف یادگار کی تعمیر کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کرسمس اور ایسٹر کی تقریبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، خاص طور پر امداد چوک کے حصے پر فوری توجہ دی جائے۔

عدالت نے سمنگلی روڈ پر تجاوزات اور ٹریفک میں رکاوٹوں کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی کہ پھل فروشوں اور ریڑھی بانوں کے لیے مناسب متبادل جگہ اور منظم نظام وضع کیا جائے۔ اس ضمن میں کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ اور سی ایم پی کیو ڈی حکام کو باہمی مشاورت سے جامع منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا گیا ۔بلوچستان ہائی کورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت 5 مارچ 2026 ء تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔