اعلیٰ کارکردگی پر افسران و عملے کی حوصلہ افزائی سے مزید محنت اور لگن کا جذبہ فروغ پاتا ہے، وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ اداروں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی اور انہیں ایوارڈز دینے سے دیگر ملازمین میں بھی زیادہ سے زیادہ محنت اور بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض ایمانداری اور خوش اسلوبی سے انجام دینے والے افسران اور ملازمین ہمارا قیمتی …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ اداروں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی اور انہیں ایوارڈز دینے سے دیگر ملازمین میں بھی زیادہ سے زیادہ محنت اور بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض ایمانداری اور خوش اسلوبی سے انجام دینے والے افسران اور ملازمین ہمارا قیمتی اثاثہ اور ادارے کا وقار ہیں۔وہ گزشتہ روز وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ہیڈ آفس، صوبہ بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقائی دفاتر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کو ایوارڈز دیئے گئے۔

واضح رہے کہ وفاقی محتسب اس سے قبل پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے علاقائی دفاتر کے لیے بھی الگ الگ تقریبات منعقد کر چکے ہیں۔وفاقی محتسب نے کہا کہ ادارے کی کامیابی کے پیچھے افسران اور عملے کی مسلسل محنت، لگن اور پیشہ ورانہ وابستگی شامل ہے اور ادارے اسی طرح کے باصلاحیت اور محنتی افراد کے ذریعے ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔ انہوں نے افسران اور عملے پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں تاکہ لوگوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہو اور ادارے پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال وفاقی محتسب پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر 9.46 ارب روپے مالیت کے تنازعات کے فیصلے کیے گئے ہیں جبکہ سال 2025ء کے دوران اب تک دو لاکھ 52 ہزار سے زائد شکایات کے فیصلے کیے جا چکے ہیں۔وفاقی محتسب نے مزید کہا کہ 1983ء میں قائم ہونے والے اس ادارے نے 2021ء تک 38 برسوں کے دوران مجموعی طور پر 17 لاکھ 17 ہزار 99 شکایات کا ازالہ کیا جبکہ سال 2022ء سے 2025ء تک محض چار برسوں میں 8 لاکھ 50 ہزار سے زائد شکایات کے فیصلے کیے گئےجو پہلے 38 برسوں کے مجموعی فیصلوں کا تقریباً نصف بنتے ہیں۔

یہ ریکارڈ اضافہ افسران اور عملے کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔واضح رہے کہ وفاقی محتسب کی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کو شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈز خالصتاً میرٹ اور تسلسل کے ساتھ نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر دیئے گئے جس کے لیے وفاقی محتسب کے ادارے کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے سخت اور شفاف معیار مقرر کیے تھے۔ ان معیارات میں شکایات کی وصولی، فیصلوں کی تعداد، کھلی کچہریوں کا انعقاد، وفاقی دفاتر کے معائنے اور ان کے مثبت اثرات شامل تھے۔