اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون یوتھ فورم کے صدر طحہٰ ایہان نے کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور کامسٹیک کے افسران و کوآرڈینیٹر جنرل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کامسٹیک کے اغراض و مقاصد، نمایاں اقدامات اور جاری پروگراموں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کامسٹیک او آئی سی رکن ممالک کے ساتھ فعال تعاون کے علاوہ …
اسلامی تعاون یوتھ فورم کے صدر کا کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ ، افسران و کوآرڈینیٹر جنرل سے ملاقات کی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون یوتھ فورم کے صدر طحہٰ ایہان نے کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور کامسٹیک کے افسران و کوآرڈینیٹر جنرل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کامسٹیک کے اغراض و مقاصد، نمایاں اقدامات اور جاری پروگراموں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کامسٹیک او آئی سی رکن ممالک کے ساتھ فعال تعاون کے علاوہ مبصر ریاستوں سے بھی مضبوط روابط رکھتا ہے جن میں روس اور تھائی لینڈ شامل ہیں جبکہ چین کے ساتھ خصوصی پروگرام بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، اختراع، صحت، اعلیٰ تعلیم اور نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں کامسٹیک کا کردار مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے۔
فریقین نے ماضی کے مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آئی سی وائے ایف کے 2026 کے وژن پر خصوصی توجہ دی گئی جسے ’’مستقبل کے لئے تیار نوجوان‘‘ کا سال قرار دیا گیا ہے۔ صدر آئی سی وائے ایف طحہٰ ایہان نے کہا کہ ایسے نوجوانوں کی تیاری ناگزیر ہے جو بدلتے عالمی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں اور اس مقصد کے لئے کامسٹیک اہم سٹریٹجک شراکت دار ہے۔ ملاقات میں نوجوانوں کو جدید اور مستقبل دوست مہارتوں سے لیس کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس ضمن میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر مشتمل مشترکہ آن لائن سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کی تجویز دی گئی جسے ورچوئل یونیورسٹیوں کے نیٹ ورک کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں او آئی سی ممالک کے5ہزار نوجوان سالانہ مستفید ہوں گے۔اس کے علاوہ آفات سے نمٹنے اور وبائی امراض کے انتظام سے متعلق ورچوئل تربیتی پروگرام شروع کرنے اور بہار 2026 میں ایران میں او آئی سی روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی نمائش کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ کامسٹیک کے جاری تعاون کو کامیاب قومی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے او آئی سی خطے کے دیگر ممالک تک توسیع دی جا سکتی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر کامسٹیک اور آئی سی وائے ایف نے وزیراعظم یوتھ پروگرام، پاکستان کے اشتراک سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی دنیا میں نوجوانوں کو جدت، مضبوطی اور پائیدار ترقی کا مرکزی محرک بنایا جائے گا۔








