بیجنگ۔23دسمبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان کے اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز (Honorary Investment Counsellors – HICs) کے ساتھ انفرادی ملاقاتیں کیں، جن کا مقصد باہمی رابطہ کو مضبوط بنانا اور آئندہ سال کے لئے ترجیحات کا تعین کرنا تھا۔ان ملاقاتوں میں ما شیاؤلی نے یوان جیان منگ کی نمائندگی کی، جبکہ ژانگ باؤژونگ، وانگ زیہائی اور جیان پینگ بھی شریک ہوئے۔ پاکستانی سفیر نے …
چین میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز کا اجلاس

مزید خبریں
بیجنگ۔23دسمبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان کے اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز (Honorary Investment Counsellors – HICs) کے ساتھ انفرادی ملاقاتیں کیں، جن کا مقصد باہمی رابطہ کو مضبوط بنانا اور آئندہ سال کے لئے ترجیحات کا تعین کرنا تھا۔ان ملاقاتوں میں ما شیاؤلی نے یوان جیان منگ کی نمائندگی کی، جبکہ ژانگ باؤژونگ، وانگ زیہائی اور جیان پینگ بھی شریک ہوئے۔ پاکستانی سفیر نے انفرادی ملاقاتوں کے علاوہ اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز کے اعزاز میں اجتماعی ورکنگ لنچ کا بھی اہتمام کیا۔ انہوں نے ہانگ کانگ۔مکاؤ۔گریٹر بے ایریا، جو سائنس اور ٹیکنالوجی میں جدت کے لئے جانا جاتا ہے،
سنکیانگ جو پاکستان کے لئے ایک اہم گیٹ وے ہے ، شینڈونگ ایک بڑا صنعتی مرکز اور ہینان ابھرتا ہوا زرعی حب سمیت وسیع جغرافیائی خطوں میں اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ میں ان کے اہم کردار پر زور دیا۔
پاکستانی سفیر نے اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز کو ترغیب دی کہ وہ پاکستان کی قومی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کریں اور پاکستان کے برآمدات پر مبنی شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مؤثر کردار ادا کریں۔ گزشتہ 2 سال کے دوران ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستانی سفیر نے بتایا کہ 21 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دے کر پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی کے ساتھ سرمایہ کاری کو مربوط کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے شینژن اور بیجنگ میں منعقد ہونے والی دو بزنس ٹو بزنس (B2B) سرمایہ کاری کانفرنسز اور گزشتہ سال سے اب تک ہونے والے6شعبہ جاتی سرمایہ کاری روڈ شوز کے غیر معمولی نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا، جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 300 سےزیادہ مفاہمتی یادداشتوں اور 11 ارب ڈالر مالیت کے 25 مشترکہ منصوبوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اعلیٰ سطح پر ان معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے فعال فالو اپ نظام موجود ہے۔
پاکستانی سفیر نے اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی متعلقہ حدود میں آنے والے مفاہمتی معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے سرگرم کردار ادا کریں تاکہ وعدوں کو حقیقی ( tangible ) نتائج میں بدلا جا سکے۔اعزازی سرمایہ کاری قونصلرز نے پاکستانی سفیر کی جانب سے سالانہ جائزہ اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ان کے ساتھ اداروں کی سطح پر رابطے کے آغاز سے تعبیر کیا۔ انہوں نے 2026 کے لئے اپنے منصوبے بھی پیش کیے اور سفارت خانے کی اقتصادی سفارت کاری کی حکمتِ عملی کی مکمل حمایت اور باہمی مفاد کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔








