وینزویلا کے صدر مادورو اور منشیات کارٹلز کے وسائل محدود کیے جائیں گے، امریکا کا اقوام متحدہ میں اعلان

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):امریکا نےاقوام متحدہ میں اعلان کیا ہے کہ وہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو وسائل سے محروم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ سخت پابندیاں عائد کرے گا، جس پر روس نے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات مستقبل میں لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک کے خلاف طاقت کے استعمال کی مثال بن سکتے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے …

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):امریکا نےاقوام متحدہ میں اعلان کیا ہے کہ وہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو وسائل سے محروم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ سخت پابندیاں عائد کرے گا، جس پر روس نے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات مستقبل میں لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک کے خلاف طاقت کے استعمال کی مثال بن سکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا کہ مغربی نصف کرے، بالخصوص امریکا کے لیے سب سے بڑا خطرہ سرحد پار دہشت گرد اور مجرمانہ گروہ ہیں۔ ان کے مطابق امریکا خطے میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر چکا ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی پابندیوں کے تحت آنے والے تمام بحری جہازوں کے خلاف ناکہ بندی کا اعلان کیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق رواں ماہ امریکی کوسٹ گارڈ نے بحیرۂ کیریبین میں وینزویلا کے خام تیل سے لدے دو ٹینکرز کو روکا ہے، جبکہ ایک تیسرے خالی جہاز کا تعاقب بھی جاری ہے جو وینزویلا کے ساحل کی جانب بڑھ رہا تھا۔ امریکی سفیر نے دعویٰ کیا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے تیل بردار جہاز صدر مادورو اور ان کی حکومت کی بنیادی معاشی شہ رگ ہیں اور انہی کے ذریعے منشیات سے وابستہ گروہوں کو مالی معاونت ملتی ہے۔

امریکا نے گزشتہ ماہ کارٹل ڈی لوس سولیس کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ صدر مادورو اس نیٹ ورک کی قیادت کر رہے ہیں۔ تاہم وینزویلا کی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس فیصلے کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ایسا کوئی گروہ وجود ہی نہیں رکھتا۔